تلنگانہ

میپما کے ایڈیشنل ڈائرکٹر کے ٹھکانوں پر اے سی بی کے چھاپے، 4.75 کروڑ کی غیر محسوب جائیدادیں بے نقاب

یادگیری راؤ پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی آمدنی کے معلوم ذرائع سے زائد اثاثے جمع کیے ہیں۔ اے سی بی کی ٹیموں نے ان کی رہائش گاہ، دفتر، بینک لاکرس، رشتہ داروں اور مبینہ بے نامی داروں سے وابستہ مقامات کی تلاشی لی۔

حیدرآباد: تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے میپما (MEPMA) کے ایڈیشنل ڈائرکٹر یادگیری راؤ نلاگنٹلا کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثوں کے معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے 10 مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔

یادگیری راؤ پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی آمدنی کے معلوم ذرائع سے زائد اثاثے جمع کیے ہیں۔ اے سی بی کی ٹیموں نے ان کی رہائش گاہ، دفتر، بینک لاکرس، رشتہ داروں اور مبینہ بے نامی داروں سے وابستہ مقامات کی تلاشی لی۔

چھاپوں کے دوران تقریباً 4.75 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کا پتہ چلا ہے۔ حکام کے مطابق، ان جائیدادوں کی اصل بازاری قیمت اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔

اے سی بی کے مطابق، برآمد شدہ اثاثوں میں حیدرآباد اور سوریہ پیٹ میں 12 کھلے پلاٹس (58.63 لاکھ روپے)، اپل میں دو فلیٹس (31.36 لاکھ روپے) اور اپل میں جی پلس تھری عمارت مع پینٹ ہاؤس (2 کروڑ روپے) شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سوریہ پیٹ میں ایک مکان اور اپل میں ایک دکان کا بھی پتہ چلا ہے۔

تلاشی کے دوران 1,792 گرام سونا (33.82 لاکھ روپے) اور تین کلو چاندی (1.80 لاکھ روپے) بھی ملی۔ حکام نے ایک ٹویوٹا فارچیونر اور دوسری کار کی مجموعی مالیت 73 لاکھ روپے بتائی، جبکہ تین موٹر سائیکلس کی قیمت 2.80 لاکھ روپے ہے۔

گھریلو اشیاء کی مالیت 29.08 لاکھ روپے، الیکٹرانک گیجٹس کی قیمت 7.01 لاکھ روپے اور بینک کھاتوں میں موجود رقم 32.30 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

اس طرح اب تک سامنے آنے والے اثاثوں کی مجموعی مالیت 4.75 کروڑ روپے ہے۔

اے سی بی حکام کے مطابق، ملزم افسر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے حیدرآباد کی اے سی بی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اے سی بی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی سرکاری ملازم رشوت طلب کرے تو ٹول فری نمبر 1064 پر شکایت درج کروائیں۔