طلاق ثلاثہ کی وکالت کرنے والے مسلم بیٹیوں کے ساتھ بڑی نا انصافی کررہے ہیں:مودی
مودی نے کہاکہ مسلم برادری کو سمجھنا چاہیے کہ جنرل سیول کوڈ کے تعلق سے کون سی سیاسی پارٹیاں ان کو بھڑکا رہی ہیں اور کچھ لوگ ہیں جو مسلم بیٹیوں پر تین طلاق کا پھندا لٹکا رہے ہیں۔
بھوپال: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ملک بھر کی مسلم برادری کو اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات اور اس سال مدھیہ پردیش سمیت پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسلم برادری کو سمجھنا چاہیے کہ جنرل سیول کوڈ کے تعلق سے کون سی سیاسی پارٹیاں ان کو بھڑکا رہی ہیں اور کچھ لوگ ہیں جو مسلم بیٹیوں پر تین طلاق کا پھندا لٹکا رہے ہیں اور انہیں اذیت دینے کے لیے کھلی چھوٹ چاہتے ہیں۔
مودی نے بی جے پی کی ’میرا بوتھ، سب سے مضبوط‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر یہاں ملک بھر سے تقریباً 3000 بوتھ کارکنوں سے خطاب کیا۔ اس دوران ملک بھر سے لاکھوں بوتھ ورکرس بھی اس پروگرام میں ورچوئل طور پر شامل ہوئے۔
پارٹی کے صدر جے پی نڈا، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان اور پارٹی کے مدھیہ پردیش یونٹ کے صدر وشنو دت شرما بھی اس تقریب میں موجود تھے۔
اس دوران انہوں نے سیدھے الفاظ میں اپنی بات رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ بینک کے بھوکے تین طلاق کی وکالت کرنے والے مسلمان بیٹیوں کے ساتھ بڑی ناانصافی کر رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف ان بیٹیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، اس کا دائرہ اس سے بھی بڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن والدین نے اپنی بیٹی کو خواہشات کے ساتھ بھیجا ہے اور پھر کوئی اسے بے دخل کر دے گا تو ان والدین اور اس بھائی کا کیا بنے گا۔ باپ بھائی سب اس کی فکر میں ڈوب جائیں گے۔
تین طلاق سے صرف بیٹیوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوتی، پورے خاندان تباہ ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی تین طلاق کے حق میں بات کرتا ہے۔ ایسے لوگ مسلمان بیٹیوں کے ساتھ بڑا ظلم کر رہے ہیں۔