دہلی

افغانی بچہ جہاز کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر دہلی پہنچ گیا، حیران کن واقعہ

KAM ایئرلائن کے سیکیورٹی اہلکاروں نے لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ کی جانچ کی تو وہاں ایک چھوٹا، سرخ رنگ کا اسپیکر ملا، جو ممکنہ طور پر یہ لڑکا لے کر آیا تھا۔

نئی دہلی: ایک 13 سالہ افغان لڑکے کی تجسس کی وجہ سے وہ کابل سے دہلی پہنچ گیا۔ حکام نے بتایاکہ وہ کسی طرح KAM ایئرلائن کے جہاز کے لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ میں چھپنے میں کامیاب ہوگیا۔

متعلقہ خبریں
آسٹریلیا میں دو ہیلی کاپٹر ٹکرائے‘ 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی

واقعہ اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے پیش آیا، جب KAM ایئرلائن کے فلائٹ نمبر RQ-4401 نے دو گھنٹے کے سفر کے بعد اندرا گاندھی انٹرنیشنل (IGI) ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ تاہم، لڑکے کو اسی دن کابل واپس بھیج دیا گیا۔

ایئرلائن حکام نے ایئرپورٹ سیکیورٹی کنٹرول روم کو اطلاع دی کہ جہاز کے لینڈ ہونے کے بعد ایک 13 سالہ لڑکا جہاز کے قریب گھوم رہا تھا۔ لڑکے کو ایئرلائن کے عملے نے حراست میں لے کر سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (CISF) کے حوالے کیا، جنہوں نے اسے ٹرمینل 3 میں پوچھ گچھ کے لیے لایا۔

لڑکے نے بتایا کہ وہ کابل ایئرپورٹ میں چھپ کر کسی طرح جہاز کے عقب میں موجود لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ میں پہنچ گیا۔ اس نے کہا کہ اس نے یہ کام محض تجسس کی وجہ سے کیا۔

سیکیورٹی حکام نے لڑکے سے پوچھ گچھ کے بعد اسے اسی فلائٹ سے واپس افغانستان بھیج دیا جو تقریباً 12:30 بجے روانہ ہوئی۔

KAM ایئرلائن کے سیکیورٹی اہلکاروں نے لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ کی جانچ کی تو وہاں ایک چھوٹا، سرخ رنگ کا اسپیکر ملا، جو ممکنہ طور پر یہ لڑکا لے کر آیا تھا۔

یہ واقعہ ایئرپورٹ سیکیورٹی کے لیے ایک انتباہ کے طور پر سامنے آیا اور متعلقہ حکام نے فلائٹ سیکیورٹی کے اقدامات مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔