والد کے متنازعہ بیان کے بعد جڈیجہ نے بہترین پلیئر کا ایوارڈ اہلیہ کے نام کردیا
جڈیجہ کے والد نے کہاکہ رویندر اور ریوابا کی شادی کے کچھ ہی ماہ بعد گھر میں مسائل شروع ہوگئے تھے، بیٹا بیوی کا غلام بن گیاہے۔ جڈیجہ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر میان آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا جو ان کیلئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
دہلی: ہندوستانی ٹیم کے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ میں ملنے والا پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ اپنی شریک حیات ریوابا کے نام کردیا۔ کرکٹر جڈیجہ نے اپنے والد انیرودھ سنگھ کے متنازعہ بیان کے بعد یہ اقدام کیا۔ ان کے والد انیرودھ جڈیجہ نے کہا تھاکہ بیٹے اور بہو کے ساتھ ان کا کوئی رشتہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ رویندر اور ریوابا کی شادی کے کچھ ہی ماہ بعد گھر میں مسائل شروع ہوگئے تھے، بیٹا بیوی کا غلام بن گیاہے۔ جڈیجہ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر میان آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا جو ان کیلئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہاکہ میں یہ ایوارڈ اپنی اہلیہ کے نام کرنا چاہوں گا۔ وہ پردے کے پیچھے ذہنی طورپر سخت محنت کررہی ہیں۔ وہ ہمیشہ مجھے اعتماد دیتی ہیں۔ آل راؤنڈر نے تیسرا ٹسٹ شروع ہونے سے چند دن قبل اپنے والد کے الزامات کے چند گھنٹے بعد کھل کر اپنی بیوی ریوابا کی حمایت کی تھی۔
انہوں نے کہا تھاکہ ان کے والد نے جن باتوں کا ذکر کیاہے وہ بے معنی اور جھوٹے ہیں۔ یہ یک طرفہ تبصرے ہیں جن کی میں تردید کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ میری بیوی کی امیج کو داغدار کرنے کی کوشش نامناسب اور قابل مذمت ہے۔
میرے پاس بھی کہنے کو بہت کچھ ہے لیکن یہ بہتر ہے کہ میں ان چیزوں کو عوام میں ظاہر نہ کروں۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم کی راجکوٹ ٹسٹ میں 434 رنز کی فتح میں جڈیجہ نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔