دہلی

تھرور کے بعد سلمان خورشید، کانگریس کا نیا دردِ سر

پہلے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور اور اب پارٹی کے سینئر قائد سلمان خورشید کانگریس کے لئے ”دردِ سر“ بنتے جارہے ہیں۔ ان 2 سینئر کانگریسیوں نے دہشت گردی کے تعلق سے وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت کے نئے ڈاکٹرین کی ستائش جاری رکھی ہے۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) پہلے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور اور اب پارٹی کے سینئر قائد سلمان خورشید کانگریس کے لئے ”دردِ سر“ بنتے جارہے ہیں۔ ان 2 سینئر کانگریسیوں نے دہشت گردی کے تعلق سے وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت کے نئے ڈاکٹرین کی ستائش جاری رکھی ہے۔

یہ دونوں سرجیکل حملہ اور دفعہ 370 کی برخاستگی جیسے موضوعات پر خود اپنی پارٹی لائن کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ سلمان خورشید نے پیر کے دن ہندوستان میں سیاسی تفریق پر تشویش ظاہر کی اور پوچھا کہ محب وطن ہونا اتنا مشکل کیوں ہے۔ اسے کانگریس کے اندر ان کے ناقدین کی طرف اشارہ سمجھا جارہا ہے۔

انہوں نے ایکس پر لکھا کہ جب دہشت گردی کے خلاف مشن جاری ہے‘ دنیا کو ہندوستان کا پیام پہنچایا جارہا ہے یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے کہ وطن میں سیاسی وابستگیاں دیکھی جارہی ہیں۔ کیا محب وطن ہونا اتنا مشکل ہے؟۔

انڈونیشیا میں حال میں ماہرین تعلیم اور مفکرین سے خطاب میں سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید نے دفعہ 370 کی برخاستگی کی تائید کی تھی جس سے کانگریس پارٹی میں بے چینی پھیل گئی۔ یہ الگ بات ہے کہ کانگریس نے خاموشی اختیار کرلی۔

ششی تھرور کے معاملہ میں کانگریس نے اسے ان کی مودی بھکتی قراردیا تھا۔ بی جے پی نے تاہم سلمان خورشید کی فوری ستائش کردی۔ سلمان خورشید نے کہا تھا کہ اگست 2019 میں دفعہ 370 کی برخاستگی کے بعد خطہ میں مثبت تبدیلیاں آئیں اور خوشحالی بڑھی۔