ایس آئی آر کے بعد اب ایک اور سروے، کیا پھر دستاویزات کی دوڑ لگے گی؟
2027 کی مردم شماری کی تیاری، گھر گھر پہنچیں گے شمار کنندگان، عوام سے حاصل کی جائیں گی مختلف معلومات، کیا آدھار، ووٹر آئی ڈی اور پاسپورٹ کی تفصیلات دینا ضروری ہوگا؟ جانیے مردم شماری کا مقصد اور اس کے فوائد۔
سوال : میرا نام صلاح الدین ہے اور میں نظام آباد کا ساکن ہوں۔ ریاست بھر میں ایس آئی آر چلا۔ پھر اس کے بعد مختلف سروے ہو رہے ہیں اور عوام کو قطاروں میں ٹھہرنا ہی پڑ رہا ہے۔ میں نے ابھی حالیہ دنوں میں ایک خبر پڑھی ہے، اس کے بعد میں پھر سوچ وفکر میں مبتلا ہوگیا ہوں کہ کوئی اور سروے بھی ہونے والا ہے جس میں عہدیدار گھر گھر پہنچ کر معلومات حاصل کریں گے ۔
جس کو مردم شماری (سینسس) کہا جاتا ہے تو یہ مردم شماری کیا بلا ہے؟ کیا پھر سے عوام کو دستاویزات اکٹھے کرنے پڑیں گے ؟ مردم شماری کا مطلب کیا ہے؟ اس کے فائدے کیا ہیں؟ یہ مردم شماری ہوتی کیا ہے؟ اس کے بارے میں معلومات فراہم کریں اور ہماری بے چینی کو دور فرمائیں۔؟
جواب : مردم شماری کو سینسس کہتے ہیں۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے بعد اس میعاد میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن، مردم شماری اور سروے کے جتنے کام ہوئے ہیں۔ شائد ہی کسی بھی ٹرم میں انجام دیئے گئے ہوں۔ اب 2027 میں مردم شماری کا کام انجام پانا ہے۔ مردم شماری کے کام کا آغاز تو پہلے ہی ہو چکا تھا۔ابتدائی طور پر ہاؤسنگ لسٹنگ کا کام انجام دیا گیا یعنی کہ گھروں کی شناخت عمل میں لائی گئی۔
جس کو ڈیویلنگ ہاؤسس لسٹنگ کہا جاتا ہے۔ کتنے مکانات ہیں۔کس نوعیت کے ہیں۔ کتنے خاندان قیام پذیر ہیں۔ گھر میں افراد کی تعداد کتنی ہے۔ اس سلسلہ میں ابتدائی طور پر سروے کی تکمیل عمل میں لائی گئی۔ ابتدائی سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ اب ایک اور اعلامیہ مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کیا گیا ہے اور اس اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 25 جنوری تا 28 فروری 2027 کے درمیان یعنی آئندہ سال ملک گیر سطح پر شمار کنندگان گھر گھر پہنچ کر تفصیلات کے حصول کا کام انجام دیں گے۔
اب مردم شماری کے دوسرے دور میں جو معلومات حاصل کی جائیں گی۔ وہ بہت ہی وسیع معلومات ہوں گی۔ مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں جن تفصیلات کا احاطہ کیا جائے گا۔ ان میں فرد کا مقام پیدائش، تاریخ پیدائش، ماں باپ کا مقام پیدائش، تاریخ پیدائش، شریک حیات بیوی یا شوہر سے متعلق تفصیلات، مستقل سکونت، عارضی سکونت، کووڈ ٹیکہ کی تفصیلات،اگر پاسپورٹ ہو تو اس کا نمبر، ڈرائیونگ لائسنس کی تفصیلات، موبائیل نمبر، آدھار کارڈ نمبر، ووٹر آئی ڈی کارڈ کا نمبر و دیگر شامل ہیں۔
پہلے مرحلہ میں 16 نومبر 2026 سے 5 جنوری 2027 کے درمیان میں ایسی ریاستیں جہاں عنقریب انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ ان کا احاطہ کیا جا رہا ہے۔ ان ریاستوں میں اتر پردیش، گوا، اترکھنڈ، پنجاب شامل ہیں۔ بعد ازاں دوسری ریاستوں میں مردم شماری کے دوسرے مرحلہ کے کام کا آغاز عمل میں آئے گا۔ یہ جو مردم شماری کا کام ہوتا ہے وہ سینسس ایکٹ 1948 کے تحت انجام دیا جاتا ہے اور اس کے باضابطہ قواعد یا رولس ہوتے ہیں جس کو سینسس رولس1990 کہا جاتا ہے۔
نوٹیفکیشن کے لئے یکم مارچ 2027ریفرنس ڈیٹ ہوتی ہے جب تک نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوتا ہے۔سینسس سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ملک کی جملہ آبادی کتنی ہے۔ ملک میں کتنی ذاتیں مقیم ہیں اور ان ذاتوں کے اعداد و شمار کیا ہیں۔ مردم شماری کے ذریعہ امیر اور غریب طبقہ کی بھی شناخت اور نشاندہی عمل میں آتی ہے۔ کتنے افراد کے پاس موبائل فونس ہیں، کتنے مکانات میں ٹی ویز ہیں۔ کتنے خاندانوں کے پاس کاریں ہیں اور دوسرے کیا وسائل ہیں جیسے گیس کتنے افراد کے پاس ہے۔
کتنے خاندانوں کے پاس گیس کنکشن نہیں ہے۔ یہ تمام تفصیلات کا مردم شماری کے ذریعے احاطہ کیا جاتا ہے۔ سینسس کے ذریعہ جو معلومات حاصل ہوتی ہیں۔ اس کی بنیاد پر آئندہ برسوں میں بجٹ کا اختصاص عمل میں لایا جاتا ہے اور محروم وپسماندہ طبقات کی ترقی کے لئے اقدامات روبہ عمل لائے جاتے ہیں۔مختلف امور کی انجام دہی اور تعمیری اقدامات کے لئے سینسس کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہاں ایک بات ذہن نشین رکھنا بہت ضروری ہے کہ آپ کو مردم شماری کے دوران کوئی دستاویزات دینے کی ضرورت نہیں ہے۔
مردم شماری کے معاملہ میں سیلف ڈکلیریشن ہی کافی ہوتا ہے۔ آپ کو خود معلومات فراہم کرنی پڑتی ہے اور مردم شماری کے معاملہ میں کوئی دستاویزات منسلک کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ شمار کنندگان گھر گھر پہنچ کر تفصیلات حاصل کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی دستاویزات منسلک کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جس طرح سے اسپیشل انٹینسیو ریویژن میں دستاویزات کے لئے ایک دوڑ لگی تھی۔ وہ دوڑ کا معاملہ مردم شماری کے معاملہ میں نہیں رہے گا۔
البتہ گھر گھر شمار کنندگان پہنچیں گے اور آپ کی تفصیلات حاصل کریں گے۔ لہذا ہم کو چاہئے کہ خصوصیت کے ساتھ ہماری تاریخ پیدائش، ریسیڈنشیل پروف، ووٹر آئی ڈی، پاسپورٹ، آدھار کارڈ و دیگر دستاویزات کی پہلے سے ہی جانچ کرلیں۔ ناموں میں اسپلینگ چیک کرلیں۔ اگر کوئی غلطی پائی جاتی ہے تو فی الفور درست کروالیں کیونکہ ابھی وقت باقی ہے۔ تمام تیاری پہلے ہی سے اچھی طرح کرلیں۔ جب شمار کنندگان مردم شماری کے معاملہ میں آپ سے رجوع ہوں اور تفصیلات حاصل کریں تب آپ کو کوئی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
۰۰۰٭٭٭۰۰۰