حیدرآباد

افضل گنج فائرنگ واقعہ، پولیس نے ملزم کی نشاندہی کرلی

اس معاملہ میں بہار سے تعلق رکھنے والا منیش، بیدر ڈکیتی اور شہر میں فائرنگ کے واقعہ میں اہم کردار ادا کرتا پایا گیا۔ جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ بیدر ڈکیتی سے قبل، منیش کے گروہ نے چھتیس گڑھ میں اے ٹی ایم کے عملہ کو دھمکی دے کر 70 لاکھ روپے لوٹے تھے۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد کے افضل گنج علاقہ میں پرائیویٹ ٹراویلس کے ٹکٹ منیجر پر ہوئی فائرنگ معاملہ میں پولیس نے ایک ملزم کی نشاندہی کرلی ہے ۔کرناٹک کے بیدر میں اے ٹی ایم کو لوٹنے کے بعد لٹیروں نے حیدرآباد کے افضل گنج علاقہ میں گولی چلائی تھی۔

اس معاملہ میں بہار سے تعلق رکھنے والا منیش، بیدر ڈکیتی اور شہر میں فائرنگ کے واقعہ میں اہم کردار ادا کرتا پایا گیا۔ جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ بیدر ڈکیتی سے قبل، منیش کے گروہ نے چھتیس گڑھ میں اے ٹی ایم کے عملہ کو دھمکی دے کر 70 لاکھ روپے لوٹے تھے۔

 بہار، کرناٹک، چھتیس گڑھ، اور تلنگانہ کی پولیس منیش کے گروہ کی تلاش کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بہار حکومت نے منیش پر انعام کا اعلان کیا ہے۔ اس گروہ پر مختلف ریاستوں میں ڈکیتی اور قتل کے مقدمات ہیں۔ پولیس دس ٹیموں کے ساتھ اس گروہ کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔

افضل گنج فائرنگ کے بعد ان افرادکے فرار ہونے کے لئے استعمال آٹو کا بھی پتہ لگا لیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ملزمین آٹو میں سکندرآباد الفا ہوٹل تک گئے۔ پولیس ڈرائیور سے اس دوران ہونے والی گفتگو کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی گروہ کو گرفتار کر لیا جائے گا۔