امریکہ و کینیڈا

طیارے کو دوران سفر زبردست ہچکولے، درجنوں مسافر زخمی

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست ہوائی میں شدید ٹربولینس (ہچکولوں) کے باعث ایک مسافر طیارے میں کم سے کم 36 مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

واشنگٹن: امریکہ میں دوران سفر ایک طیارے کو خراب موسم کے باعث شدید ہچکولوں اور جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے درجنوں مسافر زخمی ہوگئے، 20 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست ہوائی میں شدید ٹربولینس (ہچکولوں) کے باعث ایک مسافر طیارے میں کم سے کم 36 مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

ہوائی کے دارالحکومت ہونولولو کی ایمرجنسی میڈیکل سروسز نے تصدیق کی ہے کہ ہوائی ایئر لائنز کی فلائٹ K35 سے 36 مسافروں کو طبی امداد دی گئی جبکہ 20 کو اسپتال پہنچایا گیا۔ایمرجنسی میڈیکل سروسز کا کہنا ہے کہ 20 میں سے 11 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

یہ طیارہ فینکس سے ہونو لولو جا رہا تھا جس میں 278 مسافر اور عملے کے 10 افراد سوار تھے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خراب موسم سے متعلق وارننگ جاری کردی گئی تھی۔ہوائی ایئر لائنز کے چیف آپریٹنگ آفیسر جون سنوک کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں اس نوعیت کا واقعہ پیش نہیں آیا، ہمیں اطمینان ہے اور ہم خوش قسمت ہیں کہ اس حادثے کے دوران کوئی جان سے نہیں گیا۔

ہمیں امید ہے کہ زخمی مسافر جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے ٹویٹر پر کہا گیا کہ زخمی ہونے والوں مسافروں کو سر کی چوٹ، مختلف زخم یا بے ہوشی کا سامنا ہے، زخمی افراد میں عملے کے 3 ارکان بھی شامل ہیں۔

طیارے کے مسافروں کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کی چھت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے، پورے طیارے میں سامان بکھرا پڑا ہے جبکہ آکسیجن ماسک بھی نیچے گر گئے ہیں۔

طیارے میں سوار ایک مسافر کیلی ریس کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ بھی طیارے میں سوار تھیں، شدید ہچکولوں کے دوران ان کی والدہ کا سر طیارے کی چھت سے جا ٹکرایا۔ اس سے قبل جولائی میں بھی امریکن ایئر لائن کے ایک طیارے کو بھی غیر متوقع ٹربولینس کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں 8 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔