شمالی بھارت

اکھلیش یادو کو جے پی سنٹر جانے سے روک دیا گیا (ویڈیو)

سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے جمعہ کے دن اپنے بنگلہ کے باہر ایک گاڑی پر لگے جئے پرکاش نارائن کے نصف مجسمہ پر پھول مالا چڑھائی۔ پارٹی کے سینکڑوں ورکرس اس موقع پر اکٹھا ہوگئے تھے۔

لکھنو(پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے جمعہ کے دن اپنے بنگلہ کے باہر ایک گاڑی پر لگے جئے پرکاش نارائن کے نصف مجسمہ پر پھول مالا چڑھائی۔ پارٹی کے سینکڑوں ورکرس اس موقع پر اکٹھا ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں
انڈیا بلاک کا اتحاد ہریانہ میں نئی تاریخ رقم کرسکتا ہے: اکھلیش
بہار کے سابق وزیر شیام رجک جنتادل(یو) میں واپس
حکومت پر سنگارینی کارکنوں کے حقوق سلب کرنے کا الزام
شمالی24 پرگنہ کے سرکاری ہسپتال میں حملہ
محبت سے محروم لوگ، سرخ رنگ سے چڑتے ہیں، یوگی آدتیہ ناتھ پر اکھلیش یادو کا طنز

حکام نے سیکوریٹی وجوہات کے حوالہ سے اکھلیش یادو کو جے پی انٹرنیشنل سنٹر جانے سے روک دیا تھا۔ سوشلسٹ رہنما جئے پرکاش نارائن (جے پی) جو ایمرجنسی کے سخت ناقد کے طورپر جانے جاتے تھے‘ برسراقتدار بی جے پی اور اپوزیشن سماج وادی پارٹی کے درمیان ٹکراؤ کا تازہ مرکز بن گئے ہیں۔

اکھلیش یادو نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے اپیل کی کہ وہ این ڈی اے کی تائید واپس لے لیں کیونکہ اترپردیش کی بی جے پی حکومت نے سماج وادیوں کو سوشلسٹ نظریہ ساز جئے پرکاش نارائن کو خراج عقیدت ادا کرنے سے روک دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنتادل یو سربراہ نتیش بابو‘ جے پی موومنٹ کی ہی پیداوار ہیں۔

صبح انہوں نے ریاست کی بی جے پی حکومت پر تنقید کی جس نے سماج وادیوں کو جے پی انٹرنیشنل سنٹر جانے سے روکنے لکھنو کے وکرم آدتیہ مارگ پر ان کے بنگلہ کے قریب رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں۔ سماج وادی پارٹی ورکرس اکھلیش یادو کے بنگلہ کے باہر جمع ہوگئے تھے۔

تقریباً 10:30 بجے اکھلیش یادو نے ایک گاڑی کے اوپر لگے جئے پرکاش نارائن کے نصف مجسمہ کو پھول مالا پہنائی۔ سڑک پر جابجا پارٹی کی سرخ ٹوپی لگائے ورکرس دکھائی دے رہے تھے جو پارٹی پرچم تھامے نعرے بازی کررہے تھے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ جئے پرکاش نارائن جی کی جینتی پر ہم جے پی این آئی سی میوزیم جاتے رہے ہیں لیکن مجھے پتہ نہیں اس حکومت نے ہمیں کیوں روک دیا۔ بی جے پی نے رکاوٹیں پہلی مرتبہ نہیں کھڑی کی ہیں‘ اس نے تمام اچھے کاموں کو روکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سڑک پر کھڑے ہیں۔

ہم جن نائک کو خراج عقیدت ادا کررہے ہیں۔ یہ حکومت ہمیں اس سے روکنا چاہتی ہے لیکن ہم نے یہاں سڑک پر ہی خراج عقیدت ادا کردیا۔ سماج وادی پارٹی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ بمبو کی بنی رکاوٹیں سماج وادی پارٹی ورکرس کو جئے پرکاش نارائن انٹرنیشنل سنٹر جانے سے روک نہیں سکتی تھیں اگر آج تہوار نہ ہوتا۔ اکھلیش یادو جمعرات کی رات جے پی این آئی سی گئے تھے۔

انہوں نے اپنے بنگلہ کی مین گیٹ کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کرنے پر یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو نشانہ ئ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے تخریبی ہیں۔ انہیں کوئی بھی اچھی چیز دیجئے وہ اسے برباد کردیں گے۔ انہوں نے سماج وادیوں کو سابق میں بھی روکا ہے لیکن آج نوراتری کا 9 واں دن ہے۔ سوچئے آج کے دن ان لوگوں نے کیا ”ادھرم“ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں کئی سوشلسٹ شامل ہیں جو نظام کو چلارہے ہیں۔ چیف منسٹر بہار (نتیش کمار) جئے پرکاش نارائن جی کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔

وہ خود جے پی تحریک کی پیداوار ہیں۔ نتیش بابو کے لئے حکومت کی تائید واپس لینے کا یہ اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے جے پی موومنٹ کو تقویت بخشی تھی۔ جئے پرکاش بابو سوشلسٹ نظریہ ساز تھے جنہوں نے تحریک آزادی میں مہاتما گاندھی کے ساتھ حصہ لیا تھا۔ سماج وادیوں نے جئے پرکاش بابو کا احترام کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔

سابق چیف منسٹر اترپردیش نے الزام عائد کیا کہ جے پی این آئی سی کو ڈھک دیا گیا ہے کیونکہ اسے بیچنے کی سازش کی جارہی ہے۔ سوچئے یہ ایسی حکومت ہے جو میوزیم بیچنا چاہتی ہے۔ لکھنو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی(ایل ڈی اے) نے قبل ازیں کہا تھا کہ اکھلیش یادو کا وہاں جانا ٹھیک نہیں کیونکہ وہاں تعمیراتی کام جاری ہے۔

ہر طرف کنسٹرکشن مٹیرئیل بکھرا پڑا ہے اور بارش کے موسم کی وجہ سے وہاں کیڑے مکوڑے‘ سانپ اور بچھو بھی ہوسکتے ہیں۔ اکھلیش یادو کو زیڈ پلس سیکوریٹی حاصل ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ مجاہدین آزادی اور تحریک ِ آزادی کی مخالف رہی ہے۔ اس نے انگریزوں کی خفیہ تائید کی تھی۔

آج ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ بی جے پی نہیں چاہئے۔ اقتدار کے نشہ میں دھت بی جے پی جمہوریت کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتی ہے۔ حکومت کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہئے۔ جمہوریت میں آمریت زیادہ دن نہیں چلتی۔ گزشتہ برس بھی اکھلیش یادو‘ جئے پرکاش نارائن کے مجسمہ پر پھول مالا ڈالنے جے پی این آئی سی کی گیٹ پر چڑھ گئے تھے۔