قومی

یو پی میں دلت اب دمدار بن گیا: اکھلیش یادو

سماج وادی پارٹی سربراہ نے دلت سمان جلسہ میں پی ڈی اے کی نئی تشریح پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس بار دلت برادری بی جے پی کو شکست دے گی۔

آگرہ (یو پی) (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے اتوار کے دن کہا کہ دلت اب دمدار بن گیا ہے۔انہوں نے آگرہ میں دلت سمان سے خطاب کے دوران پارٹی کی پی ڈی اے اصطلاح کو نئے معنی دئیے۔

انہوں نے جلسہ کو درکنار برادریوں کی ترقی کیلئے وسیع تر تحریک کا آغاز قرار دیا۔بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ آگرہ کو اپنا گڑھ سمجھتے ہیں، عنقریب اُن کے قدم یہاں سے اکھڑ جائیں گے۔اس بار دلت برادری بی جے پی کو ہرائے گی۔سماج وادی پارٹی سربراہ نے کہا کہ پی ڈی اے میں پی سے مراد پچھڑا، ڈی سے مراد دلت اور اے سے مراد الپ سنکھیک(اقلیتیں) ہیں۔

اب ڈی دمدار دلت کی نمائندگی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دلت برادری کی تائید دیکھتے ہوئے میں کہہ سکتا ہوں کہ ہمارے پی ڈی اے میں جو ڈی ہے وہ اب دمدار دلت بن گیا ہے۔اکھیلش نے دعویٰ کیا کہ حالیہ ضمنی الیکشن میں ہار کے بعد بی جے پی، پی ٹی اے کے خلاف ساز ش کرررہی ہے۔

دلتوں پر مظالم کیلئے برسراقتدار جماعت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اتر پردیش میں ایسے کیسس سب سے زیادہ درج ہوئے ہیں۔انہوں نے نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو(این سی آر بی) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں گزشتہ 10برس میں ڈاکٹر امبیڈکر کے تقریباً200مجسمہ گرا دئیے گئے۔

ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ توڑنے والے صرف مجسموں کو نقصان نہیں پہنچارہے ہیں وہ بابا صاحب کے ہاتھ میں موجود دستور کو نشانہ بنا رہے ہیں۔دستور ہے تو وقار ہے۔ دستور ہے تو حقوق ہیں۔دستور ہے تو جمہوریت ہے اوریہ جمہوریت ہی ہے جو دستور کو زندہ رکھتی ہے۔ اکھیلش نے دعویٰ کیا کہ آگرہ کانفرنس میں لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت بتاتی ہے کہ سماج وادی پارٹی کی سیاسی تحریک کی تائید بڑھتی جارہی ہے۔