حیدرآباد میں بیضہ عطیہ کرنے کا ریاکٹ بے نقاب، 8 مراکز کو نوٹس
حیدرآباد میں مبینہ غیر قانونی بیضہ عطیہ ریاکٹ کی تحقیقات شروع، تلنگانہ ویمنس کمیشن نے آٹھ اے آر ٹی مراکز اور ایگ بینکس کو نوٹس جاری کیے، ڈونر ریکارڈ میں کئی تضادات سامنے آئے۔
حیدرآباد (منصف نیوزبیورو) تلنگانہ اسٹیٹ ویمنس کمیشن نے حیدرآباد میں مبینہ غیر قانونی اووسائٹ (بیضہ) عطیہ ریاکٹ کے معاملے میں تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے آٹھ اسسٹڈ ری پروڈکٹیو ٹیکنالوجی مراکز اور ایگ بینکس کو نوٹس جاری کیے ہیں۔
کمیشن نے ان اداروں کے ڈونر ریکارڈ، بیضوں کے حصول کے طریقہ کار اور دیگر متعلقہ دستاویزات میں مبینہ بے قاعدگیوں کے پیش نظر یہ کارروائی کی ہے۔ جمعہ 13 نومبر کو کمیشن نے نوٹس جاری کیے گئے آٹھ اداروں کے نمائندوں کو طلب کرتے ہوئے ان کا موقف سنا۔
اس موقع پر کمیشن کی چیئرپرسن نریلا شاردا نے بعض اداروں کی جانب سے سینئر انتظامی عہدیداروں کے بجائے عملے کے ارکان اور دیگر نمائندوں کو سماعت کے لیے بھیجنے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ کمیشن نے انہیں ہدایت دی تھی کہ اداروں کے اعلیٰ انتظامی عہدیدار ذاتی طور پر حاضر ہوں۔
تاہم متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ سماعت کے موقع پر انتظامیہ کے سینئر عہدیدار حاضر ہوں گے۔ تحقیقات کے دوران آٹھوں مراکز کی جانب سے پیش کیے گئے ریکارڈ میں بیضہ عطیہ کرنے والی خواتین کی تفصیلات سے متعلق کئی تضادات سامنے آئے۔
ان اداروں نے کمیشن کو بتایا کہ ان کے تقریباً 90 فیصد اووسائٹ ڈونرس دیگر ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے کسی بھی قسم کی ادائیگی یا مالی معاوضے کے بغیر اپنی رضامندی سے بیضہ عطیہ کیا تھا۔ تاہم کمیشن نے اس دعوے پر سنجیدہ شکوک و شبہات ظاہر کرتے ہوئے اس کی مزید جانچ کی ضرورت پر زور دیا۔ اس انکوائری میں کمشنر محکمہ صحت نے بھی شرکت کی۔
کمیشن نے مزید بتایا کہ غیر قانونی طور پر بیضے حاصل کرنے کے مبینہ نیٹ ورک میں دیگر اے آر ٹی مراکز اور ایگ بینکس کے ملوث ہونے سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن کی بنیاد پر بہت جلد مزید اداروں کو بھی نوٹس جاری کیے جائیں گے۔