اسرائیل کی سیاست میں نیا موڑ، نیتن یاہو نے اچانک بدل دیا اپنا موقف
اسرائیلی وزیر اعظم نے گادی آئزنکوٹ سے قومی اتحاد کی حکومت کے لیے غیر مشروط مذاکرات کی اپیل کی، تاہم یاشر پارٹی کے رہنما نے اسے سیاسی چال قرار دے دیا۔
یروشلم: اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے ہفتہ کو عوامی طور پر یاشر پارٹی کے رہنما گادی آئزنکوٹ سے قومی اتحاد کی حکومت میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ تاہم، آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کی اس پیش کش کو محض ‘سیاسی چال’ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
‘ٹائمز آف اسرائیل’ کے مطابق، ایک ویڈیو بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ تمام اختلافات اور بائیکاٹ کو ایک طرف رکھ کر اسرائیل کی سلامتی اور مستقبل کے لیے بغیر کسی پیشگی شرط کے مذاکرات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے ایک بار پھر دلیل دی کہ عرب جماعتوں پر انحصار کرنے والی کوئی بھی حکومت ایران کے خطرے کا سامنا کرنے کے قابل نہیں ہوگی۔
گزشتہ اپیلوں کے برعکس، اس بار نیتن یاہو نے یہ شرط نہیں رکھی کہ ایسی حکومت کی قیادت وہ خود ہی کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات میں نیتن یاہو کے اتحاد نے پارلیمنٹ میں اکثریت کھو دی تھی، جس کے بعد صدر اسحاق ہرزوگ نے حکومت بنانے کے لیے آئزنکوٹ کو مدعو کیا تھا۔
نیتن یاہو کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آئزنکوٹ نے کہا کہ لیکوڈ اور یاشر پارٹی کی مذاکراتی ٹیموں کی میٹنگ پہلے ہی اتوار کے لیے طے کی جاچکی تھی۔اسرائیلی میڈیا ‘چینل 13’ کی ایک رپورٹ کے مطابق، یاشر پارٹی کا منصوبہ ہے کہ وہ لیکوڈ کو صرف آئزنکوٹ کی قیادت والی قومی اتحاد کی حکومت میں شامل ہونے کی پیش کش کرے گی۔
اس میں باری باری وزیر اعظم بننے کا کوئی معاہدہ نہیں ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ نیتن یاہو وزیر اعظم نہیں بنیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یاشر حکومت میں نیتن یاہو کے لیے کوئی ایسا عہدہ تلاش کرنے کی کوشش کرسکتی ہے، جس کے ذریعے وہ سیاسی معاملات دیکھ سکیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کی رہائش اور سکیورٹی کا انتظام بھی کیا جاسکتا ہے۔
آئزنکوٹ بار بار واضح کرچکے ہیں کہ وہ اپنے 4 اصولوں کو قبول کرنے والی کسی بھی جماعت کے ساتھ حکومت بنانے کے لیے تیار ہیں، جس میں نیتن یاہو کے بغیر لیکوڈ پارٹی بھی شامل ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے وقت اقتدار کے اہم عہدوں پر موجود رہنے والے کسی بھی شخص کو عوامی زندگی سے الگ ہوجانا چاہیے۔
120 ارکان والی اسرائیلی پارلیمنٹ (نیسٹ) میں نیتن یاہو کی قیادت والے اتحاد نے 53 نشستیں حاصل کی ہیں، جبکہ آئزنکوٹ کی قیادت والی 4 یہودی جماعتوں کے پاس 48 نشستیں ہیں۔ 2 عرب جماعتوں کے پاس 19 نشستیں ہیں، جس کی وجہ سے حکومت بنانے کے لیے ان کی حمایت یا نئے اتحادیوں کا ساتھ اہم ہوگیا ہے۔
اپنے بیان میں نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ انتہائی قدامت پسند (حریدی) طبقے کے نمائندوں کے ساتھ مل کر فوج میں لازمی بھرتی کے مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے۔ حریدی طبقہ اپنے نوجوانوں کی فوجی خدمات کی مخالفت کرتا ہے، جبکہ آئزنکوٹ نے سب کے لیے لازمی فوجی بھرتی کے قانون کو اپنے 4 اہم اصولوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔