بنجارہ ہلز کے سب انسپکٹر پر 10 لاکھ روپے رشوت طلب کرنے کا الزام، اے سی بی نے کیا گرفتار
اے سی بی کے مطابق، سب انسپکٹر وجئے نے ایک دھوکہ دہی کے مقدمے میں فارچون 99 ہومس کے مالک کو گرفتار نہ کرنے کے بدلے 10 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی
حیدرآباد: تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو (ACB) نے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر وجئے کو فارچون 99 ہومس کے مالک سے مبینہ طور پر 10 لاکھ روپے رشوت طلب کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
اے سی بی کے مطابق، سب انسپکٹر وجئے نے ایک دھوکہ دہی کے مقدمے میں فارچون 99 ہومس کے مالک کو گرفتار نہ کرنے کے بدلے 10 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔ شکایت کنندہ رقم ادا کرنے سے قاصر تھا، جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔ تاہم، عدالت نے پولیس کی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے ضمانت دے دی۔
الزام ہے کہ بعد میں سب انسپکٹر نے شکایت کنندہ پر دباؤ ڈالا کہ وہ دیگر مقدمات میں گرفتاری سے بچنے کے لیے رقم ادا کرے۔ اس پر شکایت کنندہ نے 2 لاکھ روپے دینے کی پیشکش کی اور مبینہ رشوت طلب کرنے سے متعلق ثبوتوں کے ساتھ اے سی بی سے رجوع کیا۔
شکایت اور دستیاب ثبوتوں کی بنیاد پر اے سی بی نے مقدمہ درج کرتے ہوئے سب انسپکٹر کو گرفتار کرلیا۔ معاملے میں دیگر سرکاری عہدیداروں کے ممکنہ طور پر ملوث ہونے کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
اے سی بی نے واضح کیا کہ انسدادِ بدعنوانی قانون کے تحت رشوت طلب کرنا بھی جرم ہے، خواہ رشوت کی رقم وصول نہ کی گئی ہو۔