سعودی بس حادثہ, تلنگانہ حکومت کے تمام انتظامات مکمل، جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ آج رات ہوں گے روانہ: فہیم قریشی
سعودی عرب میں پیش آئے افسوسناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ کو وہاں روانہ کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
سعودی عرب میں پیش آئے افسوسناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ کو وہاں روانہ کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ٹی ایم آر ای آئی ایس کے چیئرمین فہیم قریشی نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کے افراد آج رات 2 بجے کویت ایئر ویز کی پرواز سے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
فہیم قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تلنگانہ حکومت مسلسل سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ جاں بحق افراد سے متعلق تمام سرکاری کارروائیاں بغیر کسی تاخیر کے مکمل ہو سکیں۔ وزیر محمد اظہرالدین، ایم ایل اے ماجد حسین اور شفیع اللہ کی قیادت میں ایک سرکاری وفد پہلے ہی مدینہ پہنچ چکا ہے، جو تمام کارروائی کی نگرانی کر رہا ہے۔
ان کے مطابق مدینہ میں ہندوستانی اور سعودی حکام کے درمیان تفصیلی اجلاس ہوا، جس میں میتوں کی حوالگی اور دیگر ضروری دستاویزات کی تکمیل سے متعلق اقدامات کو حتمی شکل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ "حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ تمام رسمی کارروائیاں جلد از جلد مکمل ہو جائیں۔”
فہیم قریشی نے بتایا کہ حکومت اہل خانہ کے سفر اور رہائش کی پوری ذمہ داری اٹھا رہی ہے۔ مدینہ میں قیام، مقامی ٹرانسپورٹیشن اور دیگر سہولیات ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہاں پہنچنے کے بعد خاندانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اہلِ خانہ کو رات 10 بجے حج ہاؤس میں جمع ہونے کی ہدایت دی گئی، جہاں سے انہیں سیدھے ایئرپورٹ لے جایا جائے گا۔ مدینہ کے لیے براہِ راست پرواز نہ ہونے کی وجہ سے یہ گروپ کویت کے راستے سفر کرے گا۔ مدینہ پہنچنے پر تلنگانہ کا سرکاری وفد ان کا استقبال کرے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کئی خاندانوں کے لیے حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر پاسپورٹس تیار کروائے اور سعودی سفارتخانے سے ویزوں کی منظوری بھی تیزی سے حاصل کی گئی۔ مجموعی طور پر 32 افراد سفر کر رہے ہیں، جن میں 25 سے 26 قریبی رشتہ دار شامل ہیں، جبکہ باقی افراد انتظامی کارروائیوں سے وابستہ ہیں۔
فہیم قریشی نے کہا،
"حکومت کی پوری کوشش ہے کہ جس رشتہ دار کو جانے کی ضرورت ہے، اسے بغیر کسی رکاوٹ کے روانہ کیا جائے۔ جن لوگوں کے پاسپورٹ یا ویزا رہ گئے ہیں، انہیں اگلی دستیاب پرواز سے بھیجا جائے گا۔”
انہوں نے یقین دلایا کہ جب تک تمام خاندانوں کو مکمل تعاون نہ مل جائے، حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔