سماج کے تمام طبقات کانگریس حکومت سے نالاں، سرکاری اسکولوں میں فوڈ پوائزننگ کے مسلسل واقعات پر کے ٹی آر کی تشویش
سوشیل میڈیا پرسرگرم کے ٹی آر نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو سالوں میں فوڈ پوائزننگ کے 112 واقعات رونما ہوئے جن کے نتیجہ میں 2,422 طلبہ اسپتال پہنچے اور 123 معصوم طلبہ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کی اصل اپوزیشن پارٹی بی آر ایس کے کارگزارصدر کے ٹی راما راونے ریاست میں کانگریس حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماج کے تمام طبقات موجودہ حکومت سے نالاں ہیں۔
انہوں نے سرکاری اسکولوں میں فوڈ پوائزننگ کے مسلسل واقعات پر گہری تشویش اور صدمہ کا اظہار کیا۔
سوشیل میڈیا پرسرگرم کے ٹی آر نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو سالوں میں فوڈ پوائزننگ کے 112 واقعات رونما ہوئے جن کے نتیجہ میں 2,422 طلبہ اسپتال پہنچے اور 123 معصوم طلبہ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
انہوں نے ان اموات کو سرکاری قتل قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کا قلمدان وزیر اعلیٰ نے اپنے پاس رکھا ہے لیکن وہ تعلیمی نظام کو لاوارث چھوڑ کر ریئل اسٹیٹ سیٹلمنٹس پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس حکومت کی نااہلی کی انتہا ہے کہ طلبہ کو معیاری کھانے جیسے بنیادی حق کے لئے سڑکوں پر احتجاج کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر تعلیمی اداروں میں کھانے کے معیار کو یقینی بنائے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔