قومی

مہاگٹھ بندھن نہیں، ٹھگ بندھن: گری راج سنگھ

مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے اتوار کے دن مہاگٹھ بندھن خاص طور پر آر جے ڈی صدر لالوپرساد یادو اور کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے پٹنہ ایرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ مہاگٹھ بندھن اتحاد نہیں ہے، یہ ٹھگ بندھن ہے۔

پٹنہ (آئی اے این ایس) مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے اتوار کے دن مہاگٹھ بندھن خاص طور پر آر جے ڈی صدر لالوپرساد یادو اور کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے پٹنہ ایرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ مہاگٹھ بندھن اتحاد نہیں ہے، یہ ٹھگ بندھن ہے۔

اس کے قائدین کو بہار کے عوام کی خدمت سے زیادہ ایک دوسرے کی ٹانگ کھچنے میں دلچسپی ہے۔ آر جے ڈی اور کانگریس کے بیچ اقتدار کی رسہ کشی کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن میں کوئی ویژن اور اتحاد نہیں ہے۔ یہ قیادت کے مسئلہ پر الجھن میں گھرا ہے۔

لالوپرساد یادو پر تنقید کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ لالو پرساد اپنے بیٹے کو چیف منسٹر بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں، لیکن بہار کی جنتا نے پہلے ہی اپنا ذہن بنالیا ہے۔ عوام کو پتہ ہے کہ اگر یہ مگرمچھ (لالو) پھر برسراقتدار آیا تو لاقانونیت اور کرپشن کا دورن واپس آجائے گا جسے ریاست برداشت نہیں کرسکتی۔

گری راج سنگھ نے یہ ریمارکس ان اطلاعات کے بیچ کئے کہ کانگریس اور آر جے ڈی میں اس بات پر ابھی تک کوئی اتفاق رائے نہیں ہوا ہے کہ بہار اسمبلی الیکشن میں کسے امیدوارِ چیف منسٹر کے طور پر سامنے لایا جائے۔ بعض تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ یہ این ڈی اے کو قیا س آرائیوں میں لگائے رکھنے کی حکمت ِ عملی ہوسکتی ہے۔

اِس سے اپوزیشن بلاک میں اندرونی اختلافات بھی ظاہر ہوتے ہیں۔ بہار میں اسمبلی الیکشن قریب آتا جارہا ہے۔ این ڈی اے اتحاد اور مہاگٹھ بندھن نے ایک دوسرے پر حملے تیز کردئے ہیں۔ الیکشن کی تیاریاں جیسے جیسے تیز ہوتی جائیں گی ویسے ویسے لفظی تکرار بھی بڑھتی جائے گی۔