تلنگانہ

ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی خریداری کا الزام ،مودی کا پتلہ نذر آتش

وزرا نے بی جے پی کے غیرجمہوری اقدامات کی مذمت کی۔حیدرآباد میں ٹی آرایس کے لیڈروں نے پارٹی ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون کے قریب کل شب وزیراعظم مودی کاپتلا نذرآتش کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں بھاری رقم کے عوض ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے چارارکان اسمبلی کو درمیانی افراد کے ذریعہ خریدنے کی کوشش کا بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے تین ریاستی وزرا سرینواس گوڑ، گنگولہ کملاکر، اندراکرن ریڈی، رکن قانون ساز کونسل سبھاش ریڈی اورٹی آرایس کے دیگر لیڈروں نے کل شب حیدرآباد۔ وجئے واڑہ شاہراہ کے چوٹ اُپل علاقہ میں راستہ روکو احتجاج کیا۔

اس احتجاج میں ٹی آرایس کے کیڈر نے بھی حصہ لیتے ہوئے بی جے پی پر، انحراف کی حوصلہ افزائی کا الزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی، ان افراد کے ذریعہ برسراقتدارجماعت کے ارکان اسمبلی کو اپنی پارٹی میں شامل کرناچاہتی تھی تاکہ چندرشیکھرراو کی حکومت کو گرایا جاسکے۔

بی جے پی کو منوگوڑو اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں شکست کا خوف ہے۔ریاستی وزرا نے بی جے پی کے غیرجمہوری اقدامات کی مذمت کی۔حیدرآباد میں ٹی آرایس کے لیڈروں نے پارٹی ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون کے قریب کل شب وزیراعظم مودی کاپتلا نذرآتش کیا۔