امریکہ۔اسرائیل کے جنگی جرائم کا معاوضہ لینا ہی ہوگا: مجتبیٰ خامنہ ای
ایران کے سپریم لیڈر (رہبر اعلیٰ) مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عوام کے حقوق کی بحالی اور امریکہ۔اسرائیل کے حملوں سے ایران کو جو نقصان پہنچا اس کے معاوضہ کی وصولی یقینی بنانے کی سنجیدہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
تہران (آئی اے این ایس) ایران کے سپریم لیڈر (رہبر اعلیٰ) مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عوام کے حقوق کی بحالی اور امریکہ۔اسرائیل کے حملوں سے ایران کو جو نقصان پہنچا اس کے معاوضہ کی وصولی یقینی بنانے کی سنجیدہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
رہبر اعلیٰ اور ملک کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی کی ملاقات میں یہ مسائل چھائے رہے۔ مجتبیٰ خامنہ ای کی ویب سائٹ پر ہفتہ کے دن جاری بیان میں یہ بات کہی گئی۔ 28 فروری کو اسرائیل اور امریکہ نے تہران اور ایران کے دیگر شہروں پر مشترکہ حملے کئے تھے۔ ایران نے میزائیلوں کی لہر اور ڈرون حملوں کے ذریعہ اس کا جواب دیا تھا۔
اس نے آبنائے ہرمز پر اپنی پکڑ مضبوط کرلی۔ اسی دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کے دن کہا کہ ایران پر پھر حملہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ ایران کے سارے تیل یہاں تک کہ سارے ملک پر قبضہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اب زیادہ کچھ نہیں کرسکتا۔ ہم چاہیں تو بہت کچھ کرسکتے ہیں۔
ہم اس کا سارا تیل اپنے قبضہ میں لے سکتے ہیں۔ انہوں نے فلوریڈا جانے سے قبل وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہم سارے ایران پر قبضہ کرسکتے ہیں۔ یہ پوچھنے پر کہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ ایک سال چل سکتی ہے ٹرمپ نے جواب دیا کہ ہم اسے بہت جلد ختم کرسکتے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ ہم اسے ختم کرنا چاہتے ہیں یا لٹکائے رکھنا چاہتے ہیں۔ بعد ازاں فلوریڈا ریالی میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر ایک اور فوجی حملہ ممکن ہے۔ ہم ایک اور چھوٹا ایپک فیوری کرسکتے ہیں۔ وہ 28 فروری کے بڑے حملہ کا حوالہ دے رہے تھے۔