امیش پال اغوا معاملہ، عتیق احمد سمیت 3 افراد کو عمرقید
عدالت نے امیش پال اغوا معاملے میں عتیق احمد، دنیش پاسی اور وکیل خان شوک حنیت کو دفعات 364اے اور 120بی کے تحت خاطی قرار دیا ہے تینوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس معاملے میں دیگر سات مجرمین کو شواہد کی کمی میں بری کر دیا گیا ہے۔
پریاگ راج: اترپردیش کے ضلع پریاگ راج میں راجو پال قتل واردات کے گواہ امیش پال کے اغوا کے معاملے میں منگل کو یہاں ایم پی۔ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے مافیا عتیق احمد سمیت تین مجرمین کو عمر قید اور ایک ایک لاکھ روپئے مالی جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے اس معاملے میں عتیق احمد کے بھائی اشرف سمیت سات ملزمین کو شواہد کی کمی میں بری کردیا ۔ سرکاری وکیل گلاب چندر اگرہری نے بتایا کہ خصوصی عدالت دنیش چندر شکلا کی عدالت نے امیش پال اغوا معاملے میں عتیق احمد، دنیش پاسی اور وکیل خان شوک حنیت کو دفعات 364اے اور 120بی کے تحت خاطی قرار دیا ہے تینوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس معاملے میں دیگر سات مجرمین کو شواہد کی کمی میں بری کر دیا گیا ہے۔
راجوپال قتل کے گواہ امیش پال کا گذشتہ مہینے ان کے گھر کے باہر دن دہاڑے قتل کردیا گیا تھا۔ اس معاملے میں بھی عتیق ملزمین کی فہرست میں شامل ہے۔ عتیق کو معاملے میں پیش ہونے کے لئے پیر کو سخت سیکورٹی انتظام کے درمیان احمد آباد جیل سے پریاگ راج کے نینی سنٹرل جیل لایا گیا تھا۔ جہاں آج صبح اسے بکتر بند گاڑی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کے اس وقت کے ایم ایل اے راجوپال کا 25جنوری 2005کے قتل کے معاملے میں امیش پال کی گواہی نہ دینے کے لئے کئی بار دھمکی دی گئی تھی اور 28فروری 2006 کو اس کا اغوا کرلیا گیا تھا۔ اس معاملے میں منگل کو عتیق اور اس کے بھائی اشرف سمیت دس ملزمین کو آج ایم پی۔ ایم ایل اے کورٹ میں پیش کیا گیا ۔اشرف کو بریلی جیل سے یہاں لایا گیا ہے۔
عتیق احمد جون 2019 سے احمد آباد کے سابر متی سنٹرل جیل میں بند ہے جبکہ اشرف جولائی 2020 سے بریلی جیل میں بند ہے۔ پریاگ راج میں 24فروری 2023 کو امیش پال کا قتل کیا گیا ہے۔ قتل کے معاملے میں سابق ایم پی مافیا عتیق احمد، اس کے بھائی سابق ایم ایل اے اشرف، بیوی شائستہ پروین، بیٹے اسد، علی، عمر، شوٹرغلام، صابر، مسلم گڈو وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (نظم ونسق)پرشانت کمار نے کہا کہ یہ پہلا کیس ہے کہ عتیق احمد کو سزا ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش حکومت مافیا اور کریمنل کے خلاف اپنا کریک ڈاؤن جاری رکھے گی۔