پارلیمنٹ کی قدیم عمارت کانیا نام”سمویدھان سدن“
پارلیمنٹ کی قدیم عمارت کے سنٹرل ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیراعظم نریندرمودی نے تجویز پیش کی تھی کہ قدیم عمارت کو اب”سمویدھان سدن“ کے نام سے یاد کیا جائے۔
نئی دہلی: پارلیمنٹ کی قدیم عمارت کواب ”سمویدھان سدن“ کے نام سے جانا جائے گا۔پارلیمنٹ کاکام کاج یہاں نئی عمارت میں منتقل ہونے کے بعد اسپیکر لوک سبھا اوم برلانے یہ بات بتائی۔
قبل ازیں پارلیمنٹ کی قدیم عمارت کے سنٹرل ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیراعظم نریندرمودی نے تجویز پیش کی تھی کہ قدیم عمارت کو اب”سمویدھان سدن“ کے نام سے یاد کیا جائے۔
لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہاگیا’اسپیکرلوک سبھامسرت کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ نئی دہلی میں لوک سبھا مارگ،پلاٹ نمبر116جس کے جنوب میں لوک سبھا اور شمال مغرب میں راجیہ سبھا مارگ ہے‘ پر واقع عمارت جسے قبل ازیں پارلیمنٹ ہاؤز کے نام سے جانا جاتاتھا، اب اسے سمویدھان سدن سے موسوم کیاگیا ہے۔
مودی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں منتقلی گنیش چتورتھی کے مبارک دن ہورہی ہے۔لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان منگل کے روز تقریب کیلئے پارلیمنٹ کی قدیم عمارت کے تاریخی سنٹرل ہال میں جمع ہوئے۔
یو این آئی کے بموجب پرانے پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمنٹ کے اجلاس کے آخری دن آج لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں جمع ہوئے تاکہ ہندوستان کی پارلیمنٹ کی شاندار وراثت کو یاد کیا جا سکے اورسال 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا عزم کیا جا سکے