کرناٹکمشرق وسطیٰ

مدینہ منورہ کے قریب سڑک حادثہ میں کرناٹک کے 6 معتمرین جاں بحق

بتایا گیا ہے کہ ہندوستان سے آنے والے 6 عمرہ زائرین سمیت 8 افراد منگل کی رات اس وقت جاں بحق ہوگئے جب انہیں مدینہ لے جانے والی بس ایک ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

جدہ: مدینہ منورہ کے قریب ایک سڑک حادثہ میں کرناٹک سے تعلق رکھنے والے چھ معتمرین جاں بحق ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ ہندوستان سے آنے والے 6 عمرہ زائرین سمیت 8 افراد منگل کی رات اس وقت جاں بحق ہوگئے جب انہیں مدینہ لے جانے والی بس ایک ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ مدینہ منورہ سے تقریباً 150 کلومیٹر دور پیش آیا۔ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے چھ متوفیوں کا تعلق کرناٹک سے بتایا جاتا ہے اور وہ مکہ سے مدینہ جا رہے تھے۔

مرنے والوں کی شناخت شفیع حسین سولاد، بی بی جان سولاد، سراج بیگم سولاد، شفا سولاد کے طور پر کی گئی۔ ان سبھی کا تعلق کرناٹک کے رائچور ضلع سے بتایا جاتا ہے۔

دیگر دو محمد زین الدین اور ریحانہ بیگم کا تعلق گلبرگہ ضلع سے بتایا گیا ہے جبکہ مزید دو افراد میں بس ڈرائیور اور ایک کیٹرنگ سرویس کا ملازم شامل ہے جو سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوئے۔

زخمیوں کو سعودی کریسنٹ، سیول ڈیفنس اور ایمرجنسی میڈیکل ایمبولینس ٹیموں نے مدینہ شہر کے اسپتالوں کو منتقل کیا۔

ہندوستانی قونصل خانہ کے اہلکار متاثرین کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔

اسی دوران گلبرگہ ویلفیر سوسائٹی کے عہدیدار ناصر قریشی نے بتایا کہ سعودی عرب میں کرناٹکا این آر آئیز کی ممتاز تنظیموں میں سے ایک گلبرگہ ویلفیئر سوسائٹی کے رضاکار متاثرین اور متوفیوں کے رشتہ داروں کی مدد کرنے اور جاں بحق ہونے والوں کی تدفین کے لئے قانونی کارروائیوں کو مکمل کرنے مدینہ شہر پہنچ چکے ہیں۔