انیس الغرباء عصری یتیم خانے کی جدید عمارت کا کل افتتاح, حج ہاؤز میں نارتھ بلاک کی سنگ بنیاد تقریب
صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ 7 اکتوبرکو صبح 10 بجے انیس الغرباء عصری یتیم خانہ واقع نامپلی کی جدید عمارت کا افتتاح عمل میں آئے گا۔

حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ 7 اکتوبرکو صبح 10 بجے انیس الغرباء عصری یتیم خانہ واقع نامپلی کی جدید عمارت کا افتتاح عمل میں آئے گا۔
اس افتتاحی تقریب میں ریاستی وزراء محمد محمود علی‘ کے تارک راما راؤ‘ ٹی ہریش راؤ‘ کے ایشور‘ صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین ورکن پارلیمنٹ حلقہ حیدرآباد اسد الدین اویسی‘ رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی انچارج سی ای او وقف بورڈ ایس خواجہ معین الدین ودیگر شرکت کریں گے۔
اس بلڈنگ کو 37 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ محمد مسیح اللہ خان آج اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر کو صبح 10:30 بجے حکومت کی جانب سے 7 ہزار ائمہ کرام کو نامزد کیا گیا۔ انہیں اعزازیہ کے تقرر نامے تقسیم کئے جائیں گے۔
یہ تقریب وقف بورڈ حج ہاؤز بلڈنگ نامپلی میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے ائمہ کرام کو مشورہ دیا کہ اپنی مسجد کمیٹی کے صدر سکریٹری یا انتظامیہ کمیٹی کے ساتھ ان دستاویزات کے ساتھ تقریب میں شرکت کریں‘ جس میں مسجد کمیٹی کا لیٹر ہیڈ‘ آدھار کارڈ‘ بنک اکاؤنٹ کی تفصیلات شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاؤز میں نارتھ بلاک کی بلڈنگ کے تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔
اس بلڈنگ کو 23 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ اس بلڈنگ میں کلچرل پروگرام کے لئے کمیونٹی سنٹر کا آغاز کیا جائے گا۔