سندھ کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا: شہباز شریف
پاکستان نے پیشکش کی کہ وہ پہلگام دہشت گرد حملہ کی کسی بھی ”غیرجانبدارانہ اور صاف و شفاف“ تحقیقات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔

اسلام آباد (پی ٹی آئی) پاکستان نے پیشکش کی کہ وہ پہلگام دہشت گرد حملہ کی کسی بھی ”غیرجانبدارانہ اور صاف و شفاف“ تحقیقات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخواہ کے کاکول میں پاکستان ملٹری اکیڈیمی کی آرمی کیڈٹس پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام کا حالیہ المیہ، الزام تراشی کے کھیل کی ایک اور مثال ہے، جو پوری طرح رک جانا چاہیے۔ ذمہ دار ملک کی جانب سے اپنا رول جاری رکھتے ہوئے پاکستان کسی بھی غیرجانبدارانہ، صاف و شفاف اور مستند تحقیقات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔
ہندوستان کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ کی معطلی پر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا پانی روکنے، گھٹانے یا اس کا رخ موڑنے کی کسی بھی کوشش کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔ انھوں نے خبردار کیا کہ ہندوستان نے پاکستان کے حصہ کا پانی روکا تو سارے آپشن استعمال کیے جائیں گے۔ پانی ہماری شہ ِ رگ ہے اور اہم قومی مفاد ہے۔ اس کی دستیابی کی بہرقیمت حفاظت کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ مادر وطن کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کے لیے ساری قوم پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہماری بہادر فوج ملک کے اقتدارِ اعلیٰ اور اس کی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ امن ہماری ترجیح ہے، لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اپنے وقار اور ملک کی سلامتی پر سمجھوتہ کبھی بھی نہیں کرتے۔
پاکستان نے دہشت گردی کی تمام اشکال کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔ ہم نے 90 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے اور 600 بلین امریکی ڈالر کا نقصان اٹھایا ہے۔ وزیر اعظم نے افسوس ظاہر کیا کہ ہندوستان نے قابل بھروسہ تحقیقات یا ثبوت کے بغیر پاکستان پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کرنا جاری رکھا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ ِ رگ قرار دیا تھا۔ عالمی سطح پر مسلمہ یہ تنازعہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود ابھی تک حل نہیں ہوا۔ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی اس وقت تک تائید جاری رکھے گا تاآنکہ وہ اپنی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعہ اپنے حقوق حاصل نہ کرلیں۔