اے پی: خواتین کوبسوں میں مفت سفر کی سہولت، الجھن سے بچانے آرٹی سی کے اقدامات
سبز رنگ کی پلے ولگو اور الٹرا پلے ولگو بسیں آسانی سے پہچانی جا سکتی ہیں تاہم ایکسپریس، نان اسٹاپ اور انٹر اسٹیٹ ایکسپریس بسیں ایک جیسی نظر آتی ہیں۔ ان میں سے صرف ایکسپریس بسوں میں خواتین مفت سفر کر سکتی ہیں، جبکہ نان اسٹاپ اور انٹر اسٹیٹ بسوں میں ٹکٹ لینا لازمی ہے۔
حیدرآباد: اے پی بھر میں خواتین کو مفت سفرکی اسکیم کے سلسلہ میں خواتین کو الجھن سے بچانے کیلئے آر ٹی سی حکام نے بسوں پر اسٹیکرس چسپاں کرنا شروع کر دئیے ہیں تاکہ خواتین مسافروں کو کوئی الجھن نہ ہو۔
سبز رنگ کی پلے ولگو اور الٹرا پلے ولگو بسیں آسانی سے پہچانی جا سکتی ہیں تاہم ایکسپریس، نان اسٹاپ اور انٹر اسٹیٹ ایکسپریس بسیں ایک جیسی نظر آتی ہیں۔ ان میں سے صرف ایکسپریس بسوں میں خواتین مفت سفر کر سکتی ہیں، جبکہ نان اسٹاپ اور انٹر اسٹیٹ بسوں میں ٹکٹ لینا لازمی ہے۔
اس الجھن کو ختم کرنے بعض مقامات پر ان بسوں پر ”استری شکتی پدکم“ کے اسٹیکرس لگائے گئے ہیں۔
اس اسکیم کے تحت پانچ اقسام کی بسوں میں خواتین کو زیرو فئیر ٹکٹ جاری کئے جارہے ہیں تاہم جو خواتین طلبہ یا سرکاری ملازمین پہلے ہی اسٹوڈنٹ یا سیزن پاس رکھتی ہیں، ان کے پاس کی مدت ختم ہونے تک زیرو فئیر ٹکٹ نہیں دیئے جائیں گے۔ پاس کی مدت مکمل ہونے کے بعد ہی یہ سہولت ملے گی۔
مفت سفر اسکیم کے نفاذ کے بعد ڈرائیوروں اور کنڈکٹرس کی ڈبل ڈیوٹی کے معاوضہ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اب مستقل ڈرائیور کو ڈبل ڈیوٹی پر 800 روپے کے بجائے 1,000 روپے اور کنڈکٹر کو 700 کے بجائے 900 روپے ملیں گے۔
آن کال ڈرائیوروں کا معاوضہ بھی 800 سے بڑھا کر 1,000 روپے کر دیا گیا ہے۔ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر دوارکا تروملا راؤ نے حکام کو ہدایت دی کہ خواتین مسافروں سے شائستگی کے ساتھ پیش آئیں۔
یہ اسکیم مخلوط حکومت کے انتخابی وعدے کی تکمیل ہے۔ ”استری شکتی“ کے نام سے شروع کی گئی اس اسکیم کے تحت خواتین کو ریاست کے کسی بھی حصہ میں آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت ملے گی۔ یہ سہولت پلے ولگو، الٹرا پلے ولگو، ایکسپریس، سٹی آرڈنری اور میٹرو ایکسپریس بسوں میں دستیاب ہے۔ زیرو فئیر ٹکٹ کے لئے آدھار، ووٹر یا راشن کارڈ کو شناختی دستاویز کے طور پر تسلیم کیا جائے گا۔