مغربی بنگال اسمبلی میں اپرجیتا ترمیمی بل پیش۔ ممتا بنرجی کی گھن گرج
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے منگل کے دن وزیراعظم نریندر مودی‘ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور ان تمام ریاستوں کے چیف منسٹروں سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جو خواتین کے تحفظ کے لئے موثر قوانین لاگو نہیں کرسکے۔
کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے منگل کے دن وزیراعظم نریندر مودی‘ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور ان تمام ریاستوں کے چیف منسٹروں سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جو خواتین کے تحفظ کے لئے موثر قوانین لاگو نہیں کرسکے۔
اسمبلی میں اپرجیتا ویمن اینڈ چائلڈ بل (ویسٹ بنگال کریمنل لاز اینڈ امینڈمنٹ) بل 2024 پیش کرنے کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ مجوزہ قانون کا مقصد فوری تحقیقات‘ فوری انصاف رسانی اور خاطی کو کڑی سے کڑی سزا دینا ہے۔
ایوان میں افراتفری اور بی جے پی ارکان کی نعرے بازی کے دوران جو آر جی کار میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کیس میں چیف منسٹر کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے تھے‘ ممتا بنرجی نے بل کی منظوری میں رکاوٹ پیدا کرنے پر قائد اپوزیشن سویندو ادھیکاری کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مرکز اُس کے موجودہ قوانین میں ترمیم کرے اور سخت دفعات شامل کرے تاکہ خاطیوں کو غیرمعمولی سزا اور متاثرین سے فوری انصاف یقینی بنے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے جوش کا مظاہرہ نہیں کیا اسی لئے ہم نے پہل کی ہے۔
یہ بل قانون بن کر لاگو ہوجائے تو مابقی ملک کے لئے ماڈل بنے گا۔ ممتا بنرجی نے اس سلسلہ میں وزیراعظم نریندر مودی کو حال میں لکھے گئے دو مکتوب بھی ایوان میں پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم مودی‘ وزیر داخلہ امیت شاہ اور ان تمام ریاستوں کے چیف منسٹروں سے مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کرتی ہوں جو ملک بھر میں عورتوں اور بچوں کا تحفظ یقینی بنانے موثر قوانین لاگو کرنے میں ناکام رہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ بل کی منظوری کے بعد ریاست اسپیشل اپرجیتا ٹاسک فورس بنائے گی۔ اس کے لئے ریاستی پولیس کا عملہ لیا جائے گا۔ یہ فورس مقررہ مدتی تحقیقات یقینی بنائے گی۔ بی جے پی ارکان ِ اسمبلی کی نعرے بازی اور پلے کارڈس دکھانے پر ممتا بنرجی نے پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہوگا اگر میں وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف ایسے ہی نعرے لگاؤں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اترپردیش اور گجرات جیسی ریاستوں میں عورتوں کے خلاف جرائم کی شرح بہت زیادہ ہے جبکہ مغربی بنگال میں متاثرہ عورتوں کو عدالتوں سے انصاف مل رہا ہے۔ سویندو ادھیکاری کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں 88 فاسٹ ٹریک عدالتیں ہیں جو ملک کی تمام ریاستوں میں تیسرے نمبر پر ہے۔ ہماری ریاست میں عورتوں کے خلاف جرائم کے لئے 50 خصوصی عدالتیں ہیں۔
ان عدالتوں نے 3 لاکھ 92 ہزار 620 کے منجملہ 3 لاکھ 11 ہزار 479 کیسس کی یکسوئی کردی۔ ممتا بنرجی نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ گورنر کو بل پر بناتاخیر دستخط کی ترغیب دے۔