اسمبلی انتخابات‘پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا آغاز
حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقہ جات میں پرچہ نامزدگیوں کے آغاز کے پہلے روز 7 امیدواروں نے اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کئے ہیں۔
حیدرآباد: حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقہ جات میں پرچہ نامزدگیوں کے آغاز کے پہلے روز 7 امیدواروں نے اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کئے ہیں۔
جن میں حلقہ ملک پیٹ سے محمد اکرم علی خاں (آزاد) عنبر پیٹ سے سدرشن اندراپو (شیوسینا) خیریت آباد سے شاہ آباد رمیش (آزاد) اور کے جیوتی (ایس یو سی آئی کمیونسٹ) گوشہ محل سے بی وی رمیش بابو (سوشلسٹ پارٹی آف انڈیا) اور موگلی سنیتا (انڈین نیشنل کانگریس)‘ سکندرآباد حلقہ سے راہول گپتا کو دارپو (آزاد) امیدوار کی حیثیت سے پرچہ داخل کئے ہیں۔
5 امیدواروں نے ایک ایک پرچہ داخل کیا ہے جبکہ عنبر پیٹ کے سدرشن اندراپو اور گوشہ محل حلقہ کے رمیش بابو نے دو‘ دو پرچہ داخل کئے ہیں۔
جوبلی ہلز‘ مشیرآباد‘ صنعت نگر‘ نامپلی‘ کاروان‘ چارمینار‘ چندرائن گٹہ‘ یاقوت پورہ‘ بہادر پورہ اور سکندرآباد کنٹونمنٹ حلقہ سے آج کوئی پرچہ وصول نہیں ہوا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر وکمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ روز نے آج یہ بات بتائی۔
آج اس سلسلہ میں تمام 15 حلقوں کے دفاتر ریٹرننگ آفیسر کے روبرو پولیس کے وسیع تر بندوبست کئے گئے تھے۔ واضح رہے کہ آج صبح الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی پرچہ نامزدگیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
پرچہ داخل کرنے کے اوقات 11 بجے دن تا 3 بجے سہ پہر ہے۔ 10 نومبر پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ الیکشن کمیشن نے سویدھا ایپ کے ذریعہ بھی پرچہ داخل کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔