مشرق وسطیٰ

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں سات سالہ بچی سمیت کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک

فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق، پیر کو غزہ شہر کے مغربی علاقے ریمال میں اسرائیلی ڈرون حملے میں بھی ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ الشفا اسپتال نے بتایا کہ ڈرون نے خیمے میں مقیم بے گھر افراد کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا، جس میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔

غزہ: غزہ پٹی میں اسرائیلی زمینی اور فضائی حملوں میں کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔


طبی ذرائع اور امدادی کارکنوں کے مطابق، جنوبی غزہ کے خان یونس میں بے گھر افراد کے ایک کیمپ پر پیر کو اسرائیلی فضائی حملے میں ایک کمسن بچی سمیت چار فلسطینی ہلاک ہو گئے۔


فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق، پیر کو غزہ شہر کے مغربی علاقے ریمال میں اسرائیلی ڈرون حملے میں بھی ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ الشفا اسپتال نے بتایا کہ ڈرون نے خیمے میں مقیم بے گھر افراد کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا، جس میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔


فلسطینی شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے پیر کو اس سے قبل بتایا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں میں مجموعی طور پر 11 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔


بسال نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ”خان یونس کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں بے گھر افراد کے ایک کیمپ کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے کے بعد ہم نے ایک بچے سمیت تین شہدا کی لاشیں منتقل کیں۔”


جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے ناصر اسپتال نے تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ بعد ازاں غزہ کی ایمرجنسی سروسز کے ایک ذریعے نے الجزیرہ کو بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم چار ہو گئی ہے۔


اسپتال کے مطابق، ”اسرائیلی میزائل کے ٹکڑے براہ راست لگنے سے ان کے جسم بری طرح متاثر ہوئے۔” اسپتال نے مزید بتایا کہ متعدد زخمیوں کو بھی علاج کے لیے لایا گیا، جن میں ایک بچہ اور ایک خاتون شامل ہیں۔


غزہ کی وزارت تعلیم کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں 21 سالہ حسام الزملی، 24 سالہ تامر ابو سنیمہ اور محض سات سالہ جوری الصوفی شامل ہیں۔


دریں اثنا، اسرائیلی فوج نے اتوار کی شب شجاعیہ جنکشن کے قریب بے گھر افراد کے ایک کیمپ کو آگ لگا دی، جس کے باعث 200 سے زائد خاندان، یعنی 800 سے زیادہ افراد، وہاں سے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ متاثرین میں زیادہ تر خواتین، بچے، بزرگ اور مریض شامل تھے۔


غزہ کی وزارت تعمیرات عامہ و رہائش کے مطابق، اسرائیلی کواڈکاپٹر ڈرونز نے رات تقریباً آٹھ بجے کیمپ کو آگ لگا دی۔ خیمے اور لوگوں کا سامان کئی گھنٹوں تک جلتا رہا اور آگ آدھی رات کے بعد تک جاری رہی۔


وزارت نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے بے گھر خاندانوں کو پناہ اور ضروری سامان فراہم کرنے کے لیے فوری بین الاقوامی امداد کی اپیل کی ہے۔


غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 74,555 ہو گئی


غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، پیر تک غزہ پر اسرائیلی جنگ میں کم از کم 74,555 فلسطینی ہلاک اور 175,727 زخمی ہو چکے ہیں۔


طبی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سال 11 اکتوبر کو امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے اب تک 1,559 افراد ہلاک اور 5,608 زخمی ہو چکے ہیں۔


ذرائع کے مطابق، بڑی تعداد میں متاثرین اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ ایمبولینس اور امدادی ٹیمیں ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔