بھارت

آسٹریلیا میں ہندوستانی طالب علم پر حملہ

وزارتِ خارجہ نے جمعہ کے دن کہا کہ کیانبرا میں ہندوستانی ہائی کمیشن آسٹریلیا میں ہندوستانی طالب علم کو چھراگھونپنے کے واقعہ پر مقامی حکام سے ربط میں ہے۔

نئی دہلی: وزارتِ خارجہ نے جمعہ کے دن کہا کہ کیانبرا میں ہندوستانی ہائی کمیشن آسٹریلیا میں ہندوستانی طالب علم کو چھراگھونپنے کے واقعہ پر مقامی حکام سے ربط میں ہے۔

اس نے توقع ظاہرکی کہ خاطیوں کے خلاف کاروائی ہوگی۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیاگیا ہے۔

مقامی میڈیا کے بموجب 28 سالہ ہندوستانی طالب علم کو آسٹریلیا میں ایک شخص نے چہرہ سینہ اور پیٹ پرچاقو سے کئی مرتبہ حملہ کیا۔ وہ پیسے مانگ رہاتھا۔

یہ واقعہ 6اکتوبر کو رات 10:30 بجے کے آس پاس اس وقت پیش آیا جب شبھم گرگ پیسیفک ہائی وے سے گزررہاتھا۔ این ایس ڈبلیوپولیس فورس نے ایک بیان میں پیر کے دن یہ بات بتائی۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کیانبرا میں ہندوستانی ہائی کمیشن اور سڈنی میں ہندوستانی قونصل خانہ مقامی حکام سے رابطہ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرگ دواخانہ میں زیرعلاج ہے۔ ہندوستانی سفارتخانہ گرگ کے ارکان خاندان سے بھی ربط میں ہے اور انہیں جلدآسٹریلیا پہنچانے میں مدد کررہا ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا یہ نسلی حملہ ہے‘ وزارت داخلہ کے ترجمان نے تبصرہ کرنے سے انکارکردیا۔