مہاراشٹرا

اورنگ آباد مجلس کے صدر سمیر ساجد بلڈر نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا

سمیر ساجد نے پارٹی کے صدر اسد الدین اویسی اور ریاستی صدر امتیاز جلیل کو بھیجے گئے استعفیٰ خط میں ذکر کیا ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند ہیں اور انتخابی تیاریوں کے لیے ذمہ داریوں سے آزاد ہونا چاہتے ہیں۔

اورنگ آباد: مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کے اورنگ آباد ضلع کے شہر صدر سمیر ساجد بلڈر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کا اعلان بڈی لین میں واقع دارالسلام میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

 اس موقع پر انہوں نے پارٹی کے صدر اسد الدین اویسی اور ریاستی صدر امتیاز جلیل کو بھیجے گئے استعفیٰ خط میں ذکر کیا ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند ہیں اور انتخابی تیاریوں کے لیے ذمہ داریوں سے آزاد ہونا چاہتے ہیں۔

سمیر ساجد بلڈر نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ وہ پارٹی کے مخلص کارکن ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے پارٹی سے درخواست کی ہے کہ انہیں اسمبلی انتخابات میں امیدوار بننے اور عوام کی خدمت کرنے کا موقع دیا جائے۔

سمیر نے یہ بھی بیان کیا ہے کہ اورنگ آباد کے تمام حلقوں سے کوئی بھی ایم آئی ایم کا کارکن ٹکٹ کے لیے دعویداری کر سکتا ہے، چاہے وہ امتیاز جلیل ہوں، ناصر صدیقی ہوں یا ڈاکٹر عبدالغفار۔ انہوں نے کہا کہ اسد الدین اویسی جو بھی فیصلہ کریں گے وہ سب کے لیے قابل قبول ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ایم آئی ایم کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی 13 اور 14 جولائی کو اورنگ آباد شہر کے دورے پر آ رہے ہیں۔

a3w
a3w