آسٹریلیا، ریاست فلسطین کو تسلیم کرلے گا
آسٹریلیا‘ ریاست ِ فلسطین کو تسلیم کرلے گا۔ وزیراعظم انتونی البانیز نے پیر کے دن یہ بات کہی۔ اس طرح وہ فرانس‘ برطانیہ اور کینیڈا کے قائدین میں شامل ہوگئے جنہوں نے ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
ویلنگٹن (اے پی) آسٹریلیا‘ ریاست ِ فلسطین کو تسلیم کرلے گا۔ وزیراعظم انتونی البانیز نے پیر کے دن یہ بات کہی۔ اس طرح وہ فرانس‘ برطانیہ اور کینیڈا کے قائدین میں شامل ہوگئے جنہوں نے ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
کئی ہفتوں سے اسرائیلی کابینہ کے اندر اور آسٹریلیا میں کئی لوگوں کا مطالبہ ہورہا تھا کہ ریاست فلسطین کو تسلیم کرلیا جائے۔ البانیز نے پیر کے دن غزہ کی صورتِ حال کو بہت بڑا انسانی بحران قراردیا۔ حکومت ِ آسٹریلیا نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامن نتن یاہو کے حال میں اعلان کردہ منصوبہ پر بھی تنقید کی کہ اسرائیل‘ غزہ میں نئی فوجی مہم شروع کرے گا۔
آسٹریلیائی وزیراعظم نے آج کابینی اجلاس کے بعد کہا کہ ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے کے آسٹریلیا کے فیصلہ کو ستمبر میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2 ریاستی حل انسانیت کے لئے بہترین ہے۔ امید ہے کہ اس سے مشرقِ وسطیٰ میں تشدد کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔ غزہ میں بھوک اور قحط کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔
غزہ کی صورتِ حال دنیا کے بدترین اندیشوں سے بھی زیادہ خراب ہے۔ حکومت ِ اسرائیل بین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف ورزی کررہی ہے۔ وہ غزہ کے پریشان حال لوگوں تک ان کی ضرورت کے مطابق امداد‘ غذا اور پانی پہنچنے نہیں دے رہی ہے۔ البانیز کے اعلان سے قبل نتن یاہو نے اتوار کے دن آسٹریلیا اور دیگر یوروپی ممالک پر تنقید کی تھی کہ وہ ریاست فلسطین کو تسلیم کرنا چاہتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں تقریباً 150 ممالک پہلے ہی فلسطین کو تسلیم کرچکے ہیں۔ ان میں بعض نے کئی دہے قبل ریاست فلسطین کو تسلیم کیا تھا۔ امریکہ اور دیگر مغربی طاقتوں نے فلسطین کو تسلیم نہیں کیا ہے۔