مشرق وسطیٰ

غزہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے پانچ افراد کی موت کے بعد حکام کی عالمی برادری کی ‘بے حسی’ اور ‘عدم کارروائی’ پر سخت تنقید

غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا، ''یہ ایسا منظر ہے جسے دیکھ کر انسانیت کے ضمیر کو شرمسار ہونا چاہیے۔ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے عوام کو کس حد تک بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے اور ان کے ساتھ کس قدر بے حسی اور ملی بھگت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔''

غزہ: فلسطینی حکام نے شدید بارش کے نتیجے میں وسطی غزہ پٹی میں مٹی کا تودہ گرنے سے خیموں میں پناہ لیے ہوئے پانچ بے گھر افراد کی موت کے بعد عالمی برادری کی ‘بے حسی اور عدم کارروائی’ پر سخت تنقید کی ہے۔


غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا، ”یہ ایسا منظر ہے جسے دیکھ کر انسانیت کے ضمیر کو شرمسار ہونا چاہیے۔ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے عوام کو کس حد تک بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے اور ان کے ساتھ کس قدر بے حسی اور ملی بھگت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔”


اتوار کو دیر البلح میں ریت کا ایک بڑا تودہ ایک خیمے پر گرنے سے چار بچوں اور ایک خاتون کی موت ہو گئی، جبکہ دو افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ یہ واقعہ جمعہ کو سال کے پہلے سرمائی طوفان کے ساتھ ہونے والی شدید بارش کے بعد پیش آیا، جس کے نتیجے میں محصور علاقے میں بڑے پیمانے پر سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی۔


بارش کے پانی نے بے گھر افراد کے کیمپوں کو زیر آب کر دیا اور ان عمارتوں کو مزید کمزور کر دیا جو پہلے ہی اسرائیلی فضائی حملوں میں تباہ یا متاثر ہو چکی تھیں۔


اسرائیلی فوج کی عائد کردہ پابندیوں کے باعث تلاش اور بچاؤ کے خصوصی آلات کی شدید قلت ہے۔ اس صورت حال میں غزہ کے رہائشیوں کو ملبے میں دبے لوگوں تک پہنچنے اور زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے کے لیے اپنے ہاتھوں سے کھدائی کرنا پڑی۔


دیر البلح سے الجزیرہ کے نمائندے طارق ابو عزوم نے بتایا کہ متاثرہ افراد کھلے اور غیر محفوظ مقام پر کمزور خیموں میں رہ رہے تھے، جہاں انہیں شدید بارش سے بچانے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔


انہوں نے کہا، ”جب مٹی کا پشتارہ گرا تو ان لوگوں کے پاس بچ نکلنے یا خود کو محفوظ رکھنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔ یہ صورت حال ان انتہائی دشوار حالات کو ظاہر کرتی ہے جنہیں زمین پر موجود لوگوں کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔”


ہفتے کے آخر میں آنے والے طوفان کے دوران غزہ میں تقریباً 70 ہزار خیمے سیلابی پانی میں ڈوب گئے۔ ‘سیو دی چلڈرن’ کے اعداد و شمار کے مطابق، پانچ لاکھ سے زیادہ بچے پناہ گاہوں کی ایسی صورت حال میں رہ رہے ہیں جسے ‘انتہائی تشویش ناک یا تباہ کن’ قرار دیا گیا ہے۔
سیو دی چلڈرن نے ایک بیان میں کہا، ”ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل اعلان کردہ نام نہاد جنگ بندی میں خیموں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار متبادل کے طور پر عارضی رہائشی یونٹس (کارواں) غزہ میں داخل کرنے کی بات شامل تھی، لیکن اسرائیلی حکام نے بار بار ان کی آمد روک دی، جس کے نتیجے میں لاکھوں بچے ایک اور سخت موسم سرما کے خطرات سے دوچار ہیں۔”


غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر نے اسرائیل، امریکہ اور عالمی برادری کو اس صورت حال کا ”مکمل اور براہ راست ذمہ دار” قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ وہ ”قبضے کے جرائم پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور پناہ گاہوں کے سامان، تعمیراتی مواد، عارضی رہائشی یونٹس، ایندھن اور بلدیاتی اداروں و شہری دفاع کے آلات اور مشینری چلانے کے لیے درکار اسپیئر پارٹس کی آمد روکنے میں شریک ہیں۔”


بیان میں مزید کہا گیا، ”ہم عدم کارروائی کی اس صورت حال اور بورڈ آف پیس (مجلس امن) اور غزہ کے انتظام کے لیے قومی کمیٹی کی مکمل غیر موجودگی کی سخت مذمت کرتے ہیں، گویا یہ تباہی ان کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ ان کی جانب سے کوئی قدم نہ اٹھانا اور انہیں سونپی گئی ذمہ داریوں سے کھلی دست برداری سنگین سوالات پیدا کرتی ہے کہ آخر ان اداروں کے قیام کا مقصد کیا ہے، جو فلسطینی عوام کی تکالیف کے سامنے محض خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔”


7 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر حماس کی قیادت میں کیے گئے حملے کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے جنگ شروع کیے جانے کے بعد سے اب تک 74,600 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے بھی اسرائیل 1,600 سے زیادہ فلسطینیوں کو ہلاک کر چکا ہے۔