حیدرآباد

پرگتی بھون میں کل سے عوامی دربار کا اہتمام، چیف منسٹرکا عوام سے پہلا خطاب

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج کہا کہ ریاست میں اب اندراماں راجیم کا آغازہوچکا اور تلنگانہ کے عوام دس سالہ آمرانہ دور سے آزاد ہوچکے ہیں۔

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج کہا کہ ریاست میں اب اندراماں راجیم کا آغازہوچکا اور تلنگانہ کے عوام دس سالہ آمرانہ دور سے آزاد ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ تلی اتسو منانے کا فیصلہ، سونیا گاندھی کو مدعو کیا جائے گا
صدر ٹی پی سی سی کے عہدہ کیلئے کانگریس قائدین کی دوڑ دھوپ
ووٹوں کی گنتی کے دوران پارٹی امیدوار چوکس رہیں۔ چیف منسٹر کی ہدایت
تلنگانہ میں کانگریس کو 10 نشستیں ملیں گی، چیف منسٹر پرامید
یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کو شاندار پیمانہ پر منعقد کیاجائے گا : چیف سکریٹری

لال بہادراسٹیڈیم میں جمعرات کے روز چیف منسٹر کے عہدہ ورازداری کا حلف لینے کے بعد عوام سے پہلی بارخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سونیاگاندھی نے علٰحدہ تلنگانہ کے لئے عوام کی جدوجہد اوران کی قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دیاتھا۔

ان کا مقصد تلنگانہ کے عوام کی اُمنگوں‘سماجی انصاف کو یقینی بنانے کو پورا کرنا تھا۔ اب کانگریس حکومت آصف آباد سے کھمم‘ بھوپالاپلی تا کوڑنگل ہرعلاقہ کو یکساں ترقی اور خوشحال بنانے کے لئے کام کرے گی۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ گذشتہ دس سالوں کے دوران ہمارے حقوق سلب کئے گئے‘ہم کوخاموش رہنے کیلئے مجبورکیاگیا۔مگر آہنی عزائم کے حامل تلنگانہ عوام نے اپنے جذبہ کو برقرار رکھا اور انتخابات میں استحصالی طاقت کو شکست سے دوچارکرتے ہوئے کانگریس کو حکومت بنانے کا موقع دیاگیا۔ آج سے تلنگانہ میں عوامی حکومت ہوگی۔

اندراماں راجیم کا آغاز ہوگا‘ آپ لوگ آج سے آزاد ہوچکے ہیں۔ اب حکومت کسان‘ طلباء‘ضعیف افراد‘ خواتین‘ معذورین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرے گی۔ ہم نے سماجی انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے کابینہ تشکیل دی ہے جو ریاست کی ہمہ گیر ترقی‘ خوشحالی کے لئے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب پرگتی بھون حصار بند قلعہ کی طرح نہیں رہے گا۔ وہاں موجود رکاوٹوں کو ہٹادیاگیا ہے۔ اب عوام مہاتما جیوتی اور پھولے بھون(پرگتی بھون) میں بلاروک ٹوک آسکتے ہیں۔ کبھی بھی چیف منسٹر سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ آپ سے مشورے اور تجاویز حاصل کی جائیں گی ان پر یقینی طور پرعمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں عوام شراکت دار ہیں اور انہیں مشورے اور تجاویز دینے کا پورا حق ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 8 دسمبر کو 10بجے دن پرگتی بھون میں عوامی دربار منعقدکیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت تلنگانہ کے ہرشہری کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔

تلنگانہ کو نہ صرف ملک کی دوسری ریاستوں بلکہ بین الاقوامی سطح پر مسابقت کرنے کے قابل بنایاجائے گا۔ ہم کسی کو بھی بے یارومددگار نہیں چھوڑیں گے۔ بے گھرافراد‘ غریب بے سہارا لوگوں‘ بیواؤں‘یتیم ویسیروں کے لئے باعزت اور پروقار زندگی فراہم کرنے کی ذمہ داری حکومت لے گی۔

حکومت کو حقیقی معنوں میں عوامی حکومت بنانے اور عوام کی امنگوں اور توقعات کو پورا کرنے کے لئے سونیاگاندھی‘ راہول گاندھی اور ملیکارجن کھرگے کی قیمتی رائے اور تجاویز پر عمل کیاجائے گا۔ اسی طرح میں‘ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی مل کرعوام کو بہترین حکومت فراہم کرنے کیلئے تال میل سے کام کریں گے۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی کامیابی کیلئے پارٹی کارکنوں کی بے شمار قربانیوں کو ہمیشہ یادرکھاجائے گا۔ ان کے ساتھ انصاف کرنے کی وہ خود اور راہول گاندھی اور پرینکاگاندھی ذمہ داری لیں گے۔ آخر میں ریونت ریڈی نے کہا کہ اگرچیکہ 2014ء میں علٰحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں لایاگیاتھا‘مگر آج تلنگانہ سماج کو حقیقی معنوں میں آزادی ملی ہے۔

a3w
a3w