حیدرآباد

سائبر کرائم پر بیداری، اسد اویسی کے سوال پر مرکز کا جواب

مرکز نے سائبر کرائم کے بارے میں شعور بیدار کرنے مختلف اقدامات کئے ہیں۔ مرکزی مملکتی وزیر الیکٹروانکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی جتن پرساد نے چہارشنبہ کے روز لوک سبھا میں حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائم کے بارے میں شعور بیدار کرنے کیلئے مرکز نے مختلف قدم اٹھائے ہیں۔

حیدرآباد (آئی اے این ایس) مرکز نے سائبر کرائم کے بارے میں شعور بیدار کرنے مختلف اقدامات کئے ہیں۔ مرکزی مملکتی وزیر الیکٹروانکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی جتن پرساد نے چہارشنبہ کے روز لوک سبھا میں حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائم کے بارے میں شعور بیدار کرنے کیلئے مرکز نے مختلف قدم اٹھائے ہیں۔

اس سلسلہ میں مرکز کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیل پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے27 / اکتوبر2024 میں من کی بات پروگرام میں ڈیجیٹل اریسٹ دھوکہ دہی معاملوں کے بارے میں اظہار خیال کیا تھا۔ جس سے عوام میں شعور بیدار ہوا ہے۔

سائبر کرائم کے بارے میں مزید بیداری کیلئے محکمہ ٹیلی کمیونیکشن نے 19 دسمبر2024 سے کالرٹیون مہم شروع کرنے کے ساتھ سائبر کرائم ہیلپ نمبر1930 اور این سی پی آر پورٹل کا آغاز کیا ہے۔

مرکزی مملکتی وزیر نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل اریسٹ اسکامس کے بارے میں جامع شعور بیدار کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے مختلف ذرائع کا استعمال کیا ہے ان میں اخبارات میں اشتہارات، میٹروز میں اعلانات، بیداری کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال، پرسار بھارتی کی جانب سے الیکٹرانک میڈیا میں مہم اور آکاش وانی کے خصوصی پروگرامس بھی شامل ہیں۔

سائبر کرائم کے بارے میں تیزی سے بیداری کو فروغ دینے کیلئے مرکزی حکومت نے مختلف قدم اٹھائے ہیں ان میں ایس ایم ایس کے ذریعہ پیامات کی روانگی۔14Cسوشل میڈیا اکاونٹس (سائبر دوست)، فیس بک (سائبر دوست14C) انسٹا گرام اور ٹیلی گرام، ایس ایم ایس، ٹی وی، ریڈیو، اسکول مہمات، سینما ہالوں میں اشتہارات، آئی پی ایل مہم اور2025 کے کمبھ میلہ میں اس کی تشہیر بھی شامل ہے۔

مزید براں مرکزی حکومت نے ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں سائبر کرائم کے بارے میں شعور بیداری کیلئے مختلف اقدامات کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسی کا مقصد ملک کے تمام صارفین کیلئے کھلے، محفوظ، بھروسہ مند اور جوابدہ، سائبر اسپیس کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت، سائبر سیکوریٹی اور سائبر کرائم کے چالینجوں سے واقف ہے۔