گریٹر نوئیڈا کے ہاسٹل میں بی ٹیک طالب علم کی چھلانگ لگا کر موت، پولیس تفتیش میں مصروف
اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے علاقہ گریٹر نوئیڈا کے نالج پارک 3میں واقع ایک ہاسٹل میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ایک دلخراش واقعہ پیش آیا۔ بی ٹیک دوسرے سال کے طالب علم اُدت سونی نے ہاسٹل کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔
گریٹر نوئیڈا: اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے علاقہ گریٹر نوئیڈا کے نالج پارک 3میں واقع ایک ہاسٹل میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ایک دلخراش واقعہ پیش آیا۔ بی ٹیک دوسرے سال کے طالب علم اُدت سونی نے ہاسٹل کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔
پولیس نے ہفتہ کی صبح واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ نصف شب کے وقت طالب علم اُدت سونی اپنے دوست چیتن اور کلدیپ کے ساتھ شراب نوشی کے بعد ہاسٹل واپس آیا تھا۔ اس پر ہاسٹل انتظامیہ نے طالب علم کو ڈانٹا اور واقعے کی ویڈیو بنا کر اس کے والد وجے سونی کو بھیج دی۔ ویڈیو دیکھنے کے بعد والد نے فون پر اُدت کو سخت ڈانٹ لگائی اور نام کٹوا کر گھر بلانے کی بات کہی۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس بات سے ذہنی طور پر پریشان ہو کر اُدت نے ہاسٹل کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی۔ اطلاع ملتے ہی اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔ متوفی کے اہلِ خانہ بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ پولیس نے لاش کا پنچنامہ کراکر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ معاملے میں چند افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد طلبا میں غم و غصے اور سوگ کا ماحول ہے۔ اعلیٰ افسران نے موقع پر پہنچ کر طلبا سے بات چیت کی ہے۔ پولیس کے مطابق اہلِ خانہ کی تحریری شکایت موصول ہونے پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ فی الحال ہاسٹل احاطے میں امن و امان برقرار ہے۔
پولیس پورے معاملے کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے۔