یوپی پولیس کیلئے لا اینڈ آرڈر مذاق بن کر رہ گیا: پرینکا گاندھی
کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے یہ کہتے ہوئے اترپردیش پولیس کو نشانہ ئ تنقید بنایا کہ اس کے لئے لا اینڈآرڈر ایک ”مذاق“ بن کر رہ گیا ہے۔
لکھنو: کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے یہ کہتے ہوئے اترپردیش پولیس کو نشانہ ئ تنقید بنایا کہ اس کے لئے لا اینڈآرڈر ایک ”مذاق“ بن کر رہ گیا ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بے قصور افراد کو اذیت دینا اور مجرموں کو بچانا اترپردیش انتظامیہ کا ”بنیادی منتر“ بن گیا ہے۔
اتوار کے دن فیس بک پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ رائے بریلی میں ایک پبلک فیسیلیٹی سنٹر آپریٹر روی چورسیہ کے 8 لاکھ روپے چھین لئے گئے تھے۔
شرپسند پیسوں سے بھرا اس کا بیاگ چھین کر فرار ہوگئے۔ کسی وجہ سے انہوں نے بیاگ سڑک کنارے پھینک دیا۔ یہ بیاگ دیپو نامی ایک تاجر کو ملا۔ وہ بیاگ پولیس کے حوالہ کرنے بعض لوگوں کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچا۔ پولیس نے اسے ہی جیل میں ڈال دیا۔ تاجروں نے اس پر احتجاج کیا۔
بعدازاں تحقیقات دوسرے پولیس اسٹیشن کو سونپی گئیں۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ دیپو نے ایک اچھے شہری کے طورپر اپنا فرض نبھایا لیکن پولیس نے اسے ہی ملزم بناڈالا۔ عدالت نے دیپو کو ضمانت منظور کی۔