خراب موسم۔ بل گیٹس کا طیارہ وجے واڑہ میں آدھے گھنٹے تک فضا میں چکر لگاتا رہا
دنیا کی سرکردہ ٹکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور سرکردہ سماجی کارکن بل گیٹس کے دورہ آندھراپردیش کے موقع پر خراب موسم اورشدید کہر کی وجہ سے وجے واڑہ میں ان کے طیارہ کو لینڈنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے طیارہ تقریباً آدھے گھنٹے تک فضا میں چکر لگاتا رہا۔
حیدرآباد: دنیا کی سرکردہ ٹکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور سرکردہ سماجی کارکن بل گیٹس کے دورہ آندھراپردیش کے موقع پر خراب موسم اورشدید کہر کی وجہ سے وجے واڑہ میں ان کے طیارہ کو لینڈنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے طیارہ تقریباً آدھے گھنٹے تک فضا میں چکر لگاتا رہا۔
بعد ازاں بہتر موسم کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول کی اجازت کے بعد بل گیٹس کا طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا۔
ایئرپورٹ پر نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان اور دیگر وزراء نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ بل گیٹس اس وقت ریاستی مہمان کے طور پر آندھرا پردیش کے دورہ پر ہیں۔
یہ تیسرا موقع ہے جب ٹکنالوجی کے دو بڑے نام، چندر ابابو نائیڈو اور بل گیٹس کی ملاقات ہوئی۔ اس سے قبل حیدرآباد میں ہائی ٹیک سٹی اور وشاکھاپٹنم میں ایگری ٹیک کے سلسلہ میں ان کی ملاقاتیں تاریخی ثابت ہوئی تھیں۔
بل گیٹس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو، نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان اور وزیر آئی ٹی نارا لوکیش سے ملاقات کی۔ اس دورہ کا ایک اہم مقصد سنجیونی ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر پروجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لینا ہے جس میں بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن تعاون کر رہی ہے۔
اس پروجیکٹ کے تحت ہر شہری کو ڈیجیٹل ہیلت کارڈ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ فوری اور بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
وزیر اعلیٰ اور بل گیٹس نے زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بل گیٹس نے اُنڈولی میں ٹکنالوجی کے ذریعہ کی جانے والی جدید کاشتکاری کا مشاہدہ کیا اور ریئل ٹائم گورننس سوسائٹی کا دورہ بھی کیا۔ چندرا بابو نائیڈونے انہیں ریاست کے سنہرے آندھرا ویژن کے بارے میں تفصیلات سے واقف کروایا۔
واضح رہے کہ ڈاؤس میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران چندر بابو نائیڈو نے بل گیٹس کو آندھرا پردیش آنے کی دعوت دی تھی۔ بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن پہلے ہی ریاست میں دیہی صحت، ویکسینیشن اور ماں و بچے کی دیکھ بھال کے شعبوں میں تعاون کر رہی ہے۔ اس دورہ سے ریاست میں ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے نئے باب کھلنے کی توقع ہے۔