بدایوں مسجد۔ مندر تنازعہ کی 25 اکتوبر کو سماعت
مقامی عدالت نے اس معاملہ کی سماعت کی تاریخ 25 اکتوبر تک ٹال دی کہ آیا تحت کی عدالت کو نیل کنٹھ مہادیو مندر اور شمسی جامع مسجد کیس کی سماعت کا اختیار ہے یا نہیں۔
بدایوں (یوپی) (پی ٹی آئی) مقامی عدالت نے اس معاملہ کی سماعت کی تاریخ 25 اکتوبر تک ٹال دی کہ آیا تحت کی عدالت کو نیل کنٹھ مہادیو مندر اور شمسی جامع مسجد کیس کی سماعت کا اختیار ہے یا نہیں۔
سیول جج (سینئر ڈیویژن) فاسٹ ٹریک کورٹ نے کیس فائل کا جائزہ لینے کے بعد نئی تاریخ دی۔ سابق جج سمن تیواری رخصت زچگی پر ہیں جس کے بعد یہ کیس پشپیندر چودھری کی عدالت کو منتقل کیا گیا۔ جج چودھری کو اب فیصلہ کرنا ہے کہ آیا یہ کیس تحت کی عدالت میں چل سکتا ہے یا نہیں۔
ہندو فریق کے وکیلوں کا کہنا ہے کہ عدالت کی باربار تبدیلی سے کارروائی میں تاخیر ہورہی ہے۔ تنازعہ 2022 میں اس و قت شروع ہوا تھا جب اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کے اُس وقت کے کنوینر مکیش پٹیل نے دعویٰ کیا تھا کہ جس جگہ جامع مسجد شمسی موجود ہے وہاں کبھی نیل کنٹھ مہادیو مندر تھا۔
اس نے پوجا کی اجازت مانگی۔ جامع مسجد شمسی کی انتظامی کمیٹی کے وکیل انورعالم نے دلیل دی کہ سپریم کورٹ نے تحت کی عدالتوں کو ایسے تنازعات کی سماعت سے روک دیا ہے لہٰذا کیس خارج کردیا جائے۔
دوسری جانب ہندو فریق کے وکلاء کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم جاریہ یا پہلے سے چلے آرہے کیسس پر لاگو نہیں ہوتا۔