شمالی بھارت

کھلے مقامات پر انڈوں اور گوشت کی فروخت پر پابندی

موہن یادو نے مدھیہ پردیش کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیتے ہی اپنی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد کیا جس نے کھلے طور پر انڈوں اور گوشت کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حیدرآباد: موہن یادو نے مدھیہ پردیش کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیتے ہی اپنی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد کیا جس نے کھلے طور پر انڈوں اور گوشت کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یادو نے جو آر ایس ایس سے گہرا تعلق رکھتے ہیں‘ کہا کہ موجودہ تحفظ اغدیہ قواعد سے جڑے رہنما خطوط کی مطابعت میں کھلے میں گوشت اور انڈوں کی فروختگی کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف منسٹر نے کہا کہ ہدایات دی گئی ہیں کہ قانون فوڈ سیفٹی اور مرکزی حکومت کے رہنما حظوط کے مطابق کھلے مقامات میں گوشت اور انڈوں کی فروخت کو باقاعدہ بنانے کو یقینی بنایا جائے۔ ہم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اس کے لئے تیاری کی جائے تاکہ عوام میں پہلے شعور بیدار کیا جائے اور اس تجارت سے جڑے لوگوں کو بھی قواعد کے بارے میں علم ہوجائے۔

یہ کارروائی مناسب عوامی شعور بیداری اقدامات کے بعد کی جائے گی۔ یادو حکومت نے منظورہ حدود اور وقت سے متجاوز استعمال پر بھی امتناع عائد کردیاہے۔ چیف منسٹر نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا کہ لاؤڈ اسپیکرس کے استعمال پر سپریم کورٹ کے رہنما خطوط کے مطابق امتناع عائد کیا جائے گا۔

یادو نے کہا کہ اجازت کے بغیر یا قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر روک لگانے کے لئے تمام اضلاع میں فلائنگ اسکواڈ تشکیل دئیے جائیں گے اور وہ اندرون تین یوم اپنی رپورٹس پیش کریں گے۔

مذہبی قائدین کے ساتھ بات چیت اور اشتراک کی بنیاد پر لاؤڈ اسپیکرس نکالے جائیں گے۔ اس خصوص میں جاری کردہ احکام کے مطابق متعلقہ قواعد اور احکام کی جہاں عدم تعمیل کی جارہی ہے ویسے مذہبی مقامات کی ایک فہرست مرتب کی جائے گی۔ ضلعی سطح پر ہفتہ واری اساس پر جائزہ لینے اور محکمہ داخلہ کو 31 /دسمبر تک تعمیل احکام پر رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔