بین الاقوامیسوشیل میڈیاقومی

ماں کی موت سے بے خبر معصوم بچہ تابوت کھٹکھٹاتا رہا، ’’ممی، ممی‘‘ کہہ کر پکارتا رہا (ویڈیو)

ماں کی جدائی سے ناواقف معصوم بچہ تابوت کے قریب پہنچ کر بار بار ’’ممی، ممی‘‘ پکارتا اور انہیں تلاش کرتا رہا، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل۔

ملائیشیا میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جہاں ایک کمسن بچہ اپنی ماں کی موت سے بے خبر ان کے تابوت کے گرد گھومتا اور بار بار ’’ممی، ممی‘‘ کہہ کر پکارتا رہا۔ بچے کو اس بات کا احساس نہیں تھا کہ اس کی ماں اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ اپنی ماں کے تابوت کے قریب پہنچ کر اسے کئی مرتبہ دستک دیتا رہا اور ’’ممی‘‘ کہہ کر آواز دیتا ہے۔ اس دوران وہ تابوت کے اطراف گھومتا ہے اور ایک موقع پر نیچے جھک کر تابوت کے نیچے بھی دیکھتا ہے، جیسے اپنی ماں کو تلاش کر رہا ہو۔ وہ تابوت پر دستک دے کر شاید اپنی ماں کے جواب کا منتظر بھی نظر آتا ہے۔

ملائیشیا کے خواتین کے رسالے ’مینگوان وینیتا‘ (Mingguan Wanita) کے مطابق، بچے کی والدہ استادہ ازوانی احمد (Ustazah Azwani Ahmad) تھیں، جو ریاست پینانگ میں دینی تعلیم سے وابستہ تھیں۔ رپورٹ کے مطابق، وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور طویل علالت کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔

واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ بالخصوص کم عمری میں ماں کی جدائی سے دوچار ہونے والے بچے کی معصومانہ حرکات نے لوگوں کو جذباتی کردیا ہے۔ کئی صارفین نے بچے اور اس کے اہل خانہ کے لیے تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔