تلنگانہ

برسر اقتدار آنے پر 2لاکھ جائیدادوں پر تقررات دینے بنڈی سنجے کا وعدہ

بنڈی سنجے کمار نے جو کریم نگر رکن پارلیمنٹ بھی ہیں، ریاستی وزیر آئی ٹی کے تارک راما راو کو کابینہ سے برطرف کرنے کا بھی مطالبہ کیا کیونکہ وہ پیپر افشا کو روکنے میں یکسر ناکام رہے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے پیپر لیک مسئلہ پر بی آر ایس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ ریاست میں اگر ان کی پارٹی برسر اقتدار آئے گی تو وہ 2لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بنائے گی اور ہر سال ”جاب کیلنڈر“ جاری کرے گی۔

متعلقہ خبریں
بنڈی سنجے کے رویہ پر ہائی کورٹ کا اظہارِ ناراضگی
تمام ہندوں سے متحد ہوجانے کی اپیل: بنڈی سنجے
تلنگانہ کی مالی حالت پر اسمبلی میں بحث متوقع
حلقہ کاروان میں نلوں سے آلودہ پانی کی شکایت: کوثر محی الدین
ایس آئی ٹی کی نوٹس پر بنڈی سنجے برہم

 سنگاریڈی میں جمعرات کے روز بی جے پی کے زیراہتمام منعقدہ نیروادیوگا مارچ (بیروزگاروں کی تائید میں ریالی) سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا کہ بی آ رایس دور حکومت میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خاندان کے کئی افراد نے روزگار حاصل کیا ہے مگر ریاست کے نوجوان اس عرصہ میں ہنوز بیروزگار ہی رہے ہیں۔

 انہوں نے بی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پیپر لیک معاملہ کی تحقیقات برسر خدمت جج کے ذریعہ کرائے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن کے پرچہ سوالات کے افشا سے متاثر امیدواروں کو فی کس ایک لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کرنا چاہئے۔

بنڈی سنجے کمار نے جو کریم نگر رکن پارلیمنٹ بھی ہیں، ریاستی وزیر آئی ٹی کے تارک راما راو کو کابینہ سے برطرف کرنے کا بھی مطالبہ کیا کیونکہ وہ پیپر افشا کو روکنے میں یکسر ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ رواں سال کے اواخر میں منعقد شدنی تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی بھاری اکثریت حاصل کرے گی اور ریاست میں زعفرانی پارٹی اقتدار پر آئے گی۔

 انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار آنے کے فوری بعد ان کی پارٹی بسوال کمیٹی جس کو قبل ازیں ریاستی حکومت نے تشکیل دیاتھا، کی رپورٹ کے مطابق 2لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کرے گی۔ بی جے پی قائد نے سرکاری ملازمین کو وقت پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

 بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کھمم، عادل آباد اور نظام آباد اضلاع میں بھی منعقد کئے جائیں گے اور حیدرآباد میں بھی میگا احتجاجی پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ سنجے کمار نے ہنومان جینتی کے موقع پر 14مئی کو کریم نگر میں ہندو ایکتا یاترا منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

a3w
a3w