انڈر 19 ٹیم میں جگہ بنانے والی کھلاڑی کی زندگی کا دردناک انجام
تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کا واقعہ، اہل خانہ نے دو نوجوانوں پر ہراسانی کا الزام لگایا، پولیس نے موبائل فون ضبط کرکے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ شروع کردی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع وقارآباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بی سی سی آئی کی انڈر 19 ویمنس کرکٹ ٹیم میں منتخب ہونے والی نوجوان کرکٹر نندنی نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ ملک کے لیے کرکٹ کھیلنے کا خواب دیکھنے والی نندنی کی اچانک موت سے خاندان اور مقامی افراد میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
نندنی کا تعلق ضلع وقارآباد کے سنگیاپلی گاؤں سے تھا۔ وہ وقارآباد کی مدھو کالونی میں اپنی دادی کے ساتھ رہتے ہوئے تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ کرکٹ کی تربیت بھی لے رہی تھی۔
خاندان کے افراد نے الزام لگایا کہ انیل اور کرشنا نامی دو نوجوان اسے مسلسل ہراساں کر رہے تھے۔ انیل مبینہ طور پر محبت کے نام پر اس کا پیچھا کرتا اور پریشان کرتا تھا، جبکہ کرشنا اس کا ساتھ دیتا تھا۔ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ دونوں نوجوانوں کی ہراسانی سے تنگ آکر نندنی نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
واقعہ کے بعد نندنی کے رشتہ داروں اور مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے دونوں نوجوانوں کی فوری گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
وقارآباد کے سرکل انسپکٹر رگھو کے مطابق پولیس کو صبح تقریباً 9 بجے نندنی کی موت کی اطلاع ملی۔ جمعہ 13 نومبر کو پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا۔
نندنی کے والد کی شکایت پر پولیس نے مشتبہ موت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ تحقیقات کے تحت پولیس نے اس کا موبائل فون ضبط کرکے فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا ہے۔
پولیس انسٹاگرام، فیس بک اور واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بھی جانچ کر رہی ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا نندنی کو ان ذرائع سے بھی ہراساں کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے کہا ہے کہ تحقیقات کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔