دلخراش حادثہ، جنریٹر میں بال پھنسنے سے 18 سالہ لڑکی کی موت
مغربی بنگال کے ضلع نادیہ میں کالی پوجا کے وسرجن جلوس کے دوران حادثہ، جنریٹر میں لمبے بال پھنسنے سے 18 سالہ طالبہ کی موقع پر موت۔
کولکتہ: مغربی بنگال کے ضلع نادیہ میں کالی پوجا کے جلوس کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں جنریٹر میں لمبے بال پھنسنے سے 18 سالہ لڑکی کی موت ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مہلوک لڑکی کی شناخت دیا سرکار کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ بدکلا کے باپو جی نگر علاقے کی رہنے والی تھی اور مقامی ہائی اسکول میں گیارہویں جماعت کی طالبہ تھی۔
یہ حادثہ جمعہ کی رات کالی پوجا کی مورتی کے وسرجن کے بعد واپسی کے دوران پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دیا بھی جلوس میں شامل تھی۔ اسی دوران وہ چلتی ہوئی گاڑی میں نصب جنریٹر کے کھلے حصے کے قریب پہنچ گئی۔ اس کے کھلے ہوئے لمبے بال اچانک جنریٹر میں پھنس گئے، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئی۔ حادثہ اتنا اچانک پیش آیا کہ موقع پر موجود لوگ اسے بچا نہیں سکے اور اس کی جائے حادثہ پر ہی موت ہوگئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو شکتی نگر ضلع ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے۔
پولیس نے وسرجن جلوس میں استعمال ہونے والی گاڑیوں اور جنریٹر والی وین کو ضبط کرلیا ہے۔ حادثہ کس طرح پیش آیا اور اس میں کسی کی لاپرواہی تھی یا نہیں، اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اسی ضلع کے شانتی پور میں بھی اس سے قبل ایک خاتون سومابن کے بال جنریٹر کے پہیوں میں پھنس گئے تھے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں اور ان کا علاج جاری ہے۔