تلنگانہجرائم و حادثات

طلبہ سے بھری اسکول بس کا خوفناک حادثہ، سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل

ڈرائیور کو اچانک دورہ پڑنے سے اسکول بس بے قابو ہوگئی، مال بردار آٹو اور موٹر سائیکل کو ٹکر، دو طلبہ معمولی زخمی۔

میڈک: تلنگانہ کے ضلع میڈک کے نرساپور میں ایک اسکول بس حادثہ کا شکار ہوگئی۔ ڈرائیور کو اچانک دورہ پڑنے کے باعث بس بے قابو ہوگئی اور سڑک کنارے کھڑی ایک مال بردار آٹو اور موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس حادثہ میں دو طلبہ معمولی زخمی ہوگئے، جبکہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق نرساپورمیونسپلٹی حدود میں سنگاریڈی مین روڈ پر یہ حادثہ پیش آیا۔ سری واتسلیا گروکل اسکول کی بس چھٹی کے بعد طلبہ کو ان کے گھروں تک پہنچا رہی تھی۔ اسی دوران ڈرائیور پربھاکر کو اچانک دورہ پڑا، جس کے باعث وہ بس پر قابو نہیں رکھ سکا۔

بے قابو بس نے پہلے سڑک کنارے کھڑی مال بردار آٹو کو ٹکر ماری اور پھر ایک موٹر سائیکل سے جا ٹکرائی۔ یہ واقعہ وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔ اچانک پیش آئے حادثہ سے بس میں سوار طلبہ خوفزدہ ہوگئے۔

موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے کے بعد بس رک گئی، جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ زخمی دونوں طلبہ کو دوسری بس کے ذریعے ان کے گھروں کو روانہ کیا گیا۔ حادثہ کے وقت آٹو اور موٹر سائیکل کے قریب کوئی موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔