تلنگانہ

تلنگانہ میں پانی کی قلت، اب کنویں اور تالاب کا پانی بھی فروخت ہونے لگا

ونپرتی ضلع کے میاپور گاؤں میں تالاب اور کنویں کے پانی کی نیلامی پر تنازع، کسانوں کا الزام ہے کہ آبپاشی کے لیے فی موٹر 7 ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔

تلنگانہ کے ضلع ونپرتی میں پانی کی قلت کے درمیان کنویں اور تالاب کے پانی کی نیلامی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ کسانوں سے آبپاشی کے لئے فی موٹر 7 ہزار روپے وصول کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، جس پر کسانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع ونپرتی کے چنّا امباوی منڈل کے میاپور گاؤں میں نلّا چیروو تالاب، اورا کنٹہ اور گاؤں کے کنویں کے پانی کی فروخت کا معاملہ موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ماضی میں مچھلیوں کی پرورش کے لیے تالاب کی نیلامی کی گئی تھی۔ مچھلیوں کی پرورش کا کام مکمل ہونے کے بعد نیلامی حاصل کرنے والے ماہی گیر تالاب میں باقی بچے پانی کو فروخت کر رہے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ آبپاشی کے لیے پانی حاصل کرنے پر فی موٹر 7 ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔

کسانوں کے مطابق وہ پہلے ہی فصلوں پر بھاری سرمایہ خرچ کر چکے ہیں۔ ایسے میں پانی کے لیے اضافی رقم ادا کرنا ان کے لیے مشکل ہو رہا ہے۔ بعض کسانوں کا کہنا ہے کہ رقم نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنی فصلوں کو پانی فراہم نہیں کر پا رہے ہیں۔

دوسری جانب گاؤں کے کنویں کے پانی کی بھی حال ہی میں نیلامی کیے جانے کی اطلاع ہے۔ اس معاملے پر بعض مقامی افراد نے اعتراض کرتے ہوئے ضلع کلکٹر سے شکایت کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کی قلت سے پریشان کسانوں کو آبپاشی کے لیے پانی فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ ایل نینو کے اثرات اور بارش کی کمی کے باعث ریاست میں زرعی سرگرمیوں پر اثر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں تالابوں اور کنوؤں کے پانی کی فروخت نے کسانوں کے سامنے ایک نیا مسئلہ کھڑا کر دیا ہے۔ میاپور گاؤں میں پانی کی نیلامی کا معاملہ اب بحث کا موضوع بن گیا ہے۔