قومی

بلیک میں سلنڈر بیچنے والوں سے ہوشیار رہیں، جب سلنڈر کو الٹا کیا گیا تو سب کے ہوش اڑ گئے، ویڈیو وائرل

فہیم سلنڈر لے کر گھر آیا اور جیسے ہی اسے چولہے سے لگار کر جلانے کی کوشش کی تو برنر نہیں جلا۔ کئی بار کوشش کرنے کے بعد بھی جب گیس نہیں نکلی، تو فہیم کو شک ہوا۔ اس نے جب سلنڈر کو ہلا کر دیکھا اور اسے الٹا کیا تو اس کے ہوش اڑ گئے۔

میرٹھ: اتر پردیش کے شہر میرٹھ کے لساڑی گیٹ علاقے سے ایک انتہائی افسوسناک اور چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں بلیک مارکیٹ سے گیس سلنڈر خریدنا ایک غریب ٹھیلے والے کو بہت مہنگا پڑ گیا۔ تاراپوری کی جوگی والی گلی کے رہنے والے فہیم نامی شخص کو بلیک میں بیچے گئے 14 کلو کے ایل پی جی (LPG) سلنڈر میں گیس کے بجائے پانی بھر کر دے دیا گیا۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے لوگوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

متاثرہ شخص فہیم، جو اپنے خاندان کی کفالت کے لیے پکوڑے کا ٹھیلا لگاتا ہے نے بتایا کہ اس کے گھر کا کھانا پکانے والا سلنڈر اچانک ختم ہو گیا تھا۔ گھر میں بچے بھوکے تھے اور سرکاری یا قانونی چینل سے فوری طور پر سلنڈر دستیاب نہیں ہو پا رہا تھا۔ اسی مجبوری کے عالم میں اس نے گلی میں سائیکل پر سلنڈر بیچنے والے ایک شخص سے رابطہ کیا۔

بلیک مارکیٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس شخص نے فہیم سے مقررہ سرکاری قیمت سے کہیں زیادہ  یعنی 2500 روپے نقد وصول کیے اور سلنڈر اس کے حوالے کر دیا۔

فہیم سلنڈر لے کر گھر آیا اور جیسے ہی اسے چولہے سے لگار کر جلانے کی کوشش کی تو برنر نہیں جلا۔ کئی بار کوشش کرنے کے بعد بھی جب گیس نہیں نکلی، تو فہیم کو شک ہوا۔ اس نے جب سلنڈر کو ہلا کر دیکھا اور اسے الٹا کیا تو اس کے ہوش اڑ گئے۔

سلنڈر سے گیس کے بجائے تیز دھار کے ساتھ پانی بہنے لگا۔ فہیم کا الزام ہے کہ 14 کلو کے اس سلنڈر میں بمشکل آدھا کلو گیس ہوگی، جبکہ باقی پورے سلنڈر میں (تقریباً 13.5 کلو) صرف پانی بھرا ہوا تھا۔

دھوکہ دہی کا شکار ہونے کے بعد، فہیم نے موقع پر ہی اس کا ویڈیو ریکارڈ کر لیا، جس میں سلنڈر سے پانی گرتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔ اس نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے عوام کو خبردار کیا کہ وہ بلیک میں سلنڈر بیچنے والوں سے ہوشیار رہیں۔

فہیم نے روتے ہوئے اور غم و غصے میں کہا "ہم غریب لوگ ہیں، بڑی مشکل سے پیسہ کماتے ہیں۔ غریبوں کا اس طرح فائدہ مت اٹھاؤ۔”

فہیم نے ویڈیو کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کبھی بھی غیر مجاز یا بلیک مارکیٹ سے سلنڈر نہ خریدیں اور سلنڈر لیتے وقت اس کی سیل (Seal)، وزن اور قانونی رسید کا لازمی خیال رکھیں۔ اس نے مقامی انتظامیہ اور پولیس سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ غریبوں کو لوٹنے والے اس بلیک مارکیٹنگ نیٹ ورک کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔