حیدرآباد

واٹس ایپ پر ’ہیلو، کیا یہ آپ کی تصویر ہے؟ ‘جیسے میسیجز سے ہوشیار رہیں، کمشنر پولیس وی سی سجنار کا سائبر فراڈ الرٹ

حیدرآباد کے کمشنر آف پولیس وی سی سجنار نے عوام کو ایک خطرناک سائبر فراڈ کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ ان کے مطابق سائبر مجرم اب ’گھوسٹ پیئرنگ‘ نامی ایک نئی اور خطرناک تکنیک استعمال کر رہے ہیں، جس کے ذریعے وہ صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو خاموشی سے ہیک کر لیتے ہیں، اور صارف کو اس کی خبر تک نہیں ہوتی۔

حیدرآباد: اگر آپ کے واٹس ایپ پر کوئی ایسا میسیج آئے جس میں لکھا ہو، “ہیلو… کیا آپ نے اپنی یہ تصویر دیکھی؟” یا “کیا کسی نے آپ کے بارے میں یہ لکھا ہے؟” اور اس کے ساتھ کوئی لنک بھیجا گیا ہو، تو فوراً محتاط ہو جائیں۔ یہ پیغام چاہے آپ کے کسی قریبی دوست یا رشتہ دار کے نمبر سے ہی کیوں نہ آیا ہو، غلطی سے بھی اس لنک پر کلک نہ کریں، کیونکہ آپ کی ذرا سی لاپرواہی آپ کو بڑے مالی اور ذاتی نقصان میں مبتلا کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں
متلاشیان روزگار کو دھوکہ سے کمبوڈیا روانہ کرنے پر یو پی کے ایک شخص کی گرفتاری
منریگا کا نام بدلنے کے خلاف تلنگانہ میں کانگریس کا احتجاج، اقلیتی بہببود کے وزیر محمد اظہرالدین کی بھی شرکت
جلسۂ فیضانِ اولیاء کا انعقاد، علم و روحانیت سے بھرپور پروگرام
ہائٹیکس نے ہائیدرآباد کڈز فیئر 2025 کے 18ویں ایڈیشن کا اعلان کر دیا
زندہ دلان کے مزاحیہ مشاعروں کی  دنیا  بھر میں منفرد شناخت،پروفیسرایس ا ے شکور، نواب قادر عالم خان کی شرکت

حیدرآباد کے کمشنر آف پولیس وی سی سجنار نے عوام کو ایک خطرناک سائبر فراڈ کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ ان کے مطابق سائبر مجرم اب ’گھوسٹ پیئرنگ‘ نامی ایک نئی اور خطرناک تکنیک استعمال کر رہے ہیں، جس کے ذریعے وہ صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو خاموشی سے ہیک کر لیتے ہیں، اور صارف کو اس کی خبر تک نہیں ہوتی۔

عام حالات میں واٹس ایپ ویب کو کنیکٹ کرنے کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کرنا یا او ٹی پی درج کرنا ضروری ہوتا ہے، لیکن اس نئے فراڈ میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوتا۔ جیسے ہی صارف ہیکرز کی جانب سے بھیجے گئے لنک پر کلک کرتا ہے، ایک نقلی واٹس ایپ ویب پیج کھل جاتا ہے اور اسی لمحے صارف کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیکرز کے ڈیوائس سے کنیکٹ ہو جاتا ہے۔

اس فراڈ میں نہ تو موبائل فون ہاتھ میں لینے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی او ٹی پی مانگا جاتا ہے، اسی لیے اسے ’گھوسٹ پیئرنگ‘ کہا جا رہا ہے۔ ایک بار اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو سائبر مجرم صارف کی تمام چیٹنگز، ذاتی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کانٹیکٹ لسٹ چرا کر صارف کے نام سے دوسروں کو میسیجز بھیجتے ہیں اور پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بعض معاملات میں اصل صارف کو ہی اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے باہر کر دیا جاتا ہے۔

اس سنگین سائبر دھوکے سے بچنے کے لیے کمشنر پولیس وی سی سجنار نے عوام کو چند اہم احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ کسی بھی نامعلوم یا مشکوک نمبر سے آنے والے کسی بھی لنک پر ہرگز کلک نہ کریں۔ اگر غلطی سے لنک کھل بھی جائے تو فوراً واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر ’Linked Devices‘ کے آپشن کو چیک کریں، اور اگر وہاں کوئی ایسا ڈیوائس نظر آئے جو آپ کا نہ ہو، تو فوری طور پر اسے ’Logout‘ کر دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر صارف کو اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ میں Two-step verification لازمی طور پر آن رکھنا چاہیے، تاکہ اکاؤنٹ کی سیکیورٹی مزید مضبوط ہو سکے۔ کمشنر پولیس کے مطابق، ٹیکنالوجی جتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اتنی ہی تیزی سے سائبر جرائم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، اور ہماری معمولی سی غفلت سائبر مجرموں کے لیے بڑا موقع بن سکتی ہے۔

آخر میں وی سی سجنار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے باخبر رہیں اور اس اہم معلومات کو اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ضرور شیئر کریں، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سائبر جرائم کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔