Mission 2024: پی ایم مودی کی میگا ریالیوں کا منصوبہ
بی جے پی نے 2024 کے عام انتخابات میں اپنی نشستوں کی تعداد میں اضافہ کے مقصد سے وزیراعظم نریندرمودی کی کئی میگاریالیوں کا منصوبہ بنایا ہے جن کے ذریعہ 144 لوک سبھا نشستوں کا احاطہ کیا جائے گا۔
نئی دہلی: بی جے پی نے 2024 کے عام انتخابات میں اپنی نشستوں کی تعداد میں اضافہ کے مقصد سے وزیراعظم نریندرمودی کی کئی میگاریالیوں کا منصوبہ بنایا ہے جن کے ذریعہ 144 لوک سبھا نشستوں کا احاطہ کیا جائے گا۔
ان میں سے بیشتر نشستیں 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ہاتھ سے نکل گئی تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پارٹی میں ان نشستوں کو مضبوط بنانے کیلئے ایک ”کلسٹر منصوبہ“ بنایا ہے۔ تفصیلی منصوبہ کے پہلے مرحلہ میں کئی مرکزی وزراء سے کہا گیا کہ وہ ان حلقوں کا دورہ کریں اور بی جے پی کارکنوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کریں۔
گزشتہ ماہ بی جے پی صدر جی پی نڈا اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مختلف مرکزی وزراء کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا تاکہ پارٹی کے کلسٹر منصوبہ کی پیشرفت کا جائزہ لیا جاسکے۔
اب اس منصوبہ کے دوسرے مرحلہ کے ایک حصہ کے طور پر بیسیوں میگاریالیاں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم ان 144 لوک سبھا حلقوں میں ریالیوں سے خطاب کریں گے تاکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ان نشستوں پر پارٹی کے مواقع کو روشن کرسکیں۔
اپوزیشن جماعتوں کے قبضہ میں موجود کلیدی حلقوں میں اترپردیش کی رائے بریلی نشست (سونیا گاندھی، کانگریس) اور مین پوری (ملائم سنگھ یادو، ایس پی) مہاراشٹرا کا بارہ متی (سپریا سولے، این سی پی)، مغربی بنگال کا جادھوپور (میمی چکرورتی، ٹی ایم سی)، تلنگانہ کا محبوب نگر (سرینواس ریڈی، ٹی آر ایس) اور مدھیہ پردیش کا چھندواڑہ علاقہ شامل ہیں۔
بی جے پی کی اعلی قیادت نے ان 144 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ بیشتر نشستیں جیتنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پارٹی نے ایک کمیٹی بھی قائم کی ہے جو اِن حلقوں میں عوام تک رسائی پیدا کرنے کی کوششوں میں پیشرفت پر مسلسل نظر رکھ رہی ہے۔