”میں کنس کی اولاد کو تباہ کرنے آیا ہوں“ : کجریوال
چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے آج گجرات کے ودوڈرا میں عام آدمی پارٹی کی ایک تقریب میں ”جئے شری رام“ کے نعرے لگائے۔ دہلی میں بدھ مت اختیار کرنے والے جلسہ پر تنازعہ کے ایک دن بعد انہوں نے یہ حرکت کی۔
ودوڈرا: چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے آج گجرات کے ودوڈرا میں عام آدمی پارٹی کی ایک تقریب میں ”جئے شری رام“ کے نعرے لگائے۔ دہلی میں بدھ مت اختیار کرنے والے جلسہ پر تنازعہ کے ایک دن بعد انہوں نے یہ حرکت کی۔
کجریوال نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ میرے بارے میں بری باتیں کہہ رہے ہیں۔ مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں لیکن وہ لوگ مجھ سے نفرت کرتے ہیں اور اپنی نفرت میں اتنے اندھے ہوگئے ہیں کہ وہ اب بھگوانوں کی بھی توہین کررہے ہیں۔
قبل ازیں کجریوال کی ریالی سے پہلے عام آدمی پارٹی کارکنوں نے پارٹی کے خلاف لگائے گئے پوسٹر نکال دیئے۔ انہوں نے جلسہ کے مقام تک پارٹی سربراہ کے راستہ پر لگائے گئے پوسٹر اور بیانر نکال دیئے۔ عام آدمی پارٹی کے دہلی میں وزیر برائے سماجی بہبود راجندر پال گوتم کے مبینہ مخالف ہندو بیانات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گجرات میں حکمراں بی جے پی کے حامیوں نے آج کی ریالی سے پہلے عام آدمی پارٹی کے بیانرس پھاڑ دیئے تھے۔
ایک ایسے دن جب بارش ہورہی تھی، ”ترنگاریالی“ مقررہ وقت سے تقریبا تین گھنٹہ بعد 4 بجے دن شروع ہوئی۔ کجریوال نے ہندو دیومالائی حوالوں سے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے دیوی دیوتاؤں کی توہین کی ہے۔
انہوں نے اپنے آپ کو کٹر بھکت بتاتے ہوئے جئے شری رام اور جئے شری کرشنا کے نعرے لگائے۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ دہلی کے وزیر راجندرپال گوتم کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں انہیں تبدیلی مذہب کی ایک تقریب میں حصہ لیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس تقریب میں ہندو دیوی دیوتاؤں کی مبینہ طور پر توہین کی گئی تھی۔
سینکڑوں افراد نے بدھ مت اختیار کرلینے اور ہندو دیوی دیوتاؤں کو بھگوان نہ ماننے کا عہد کیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد بی جے پی نے کجریوال پر تنقیدیں شروع کردی تھی اور ان سے کہا تھا کہ وہ گوتم کو کابینہ سے برطرف کردیں۔ کجریوال نے بی جے پی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ”میں ہنومان کا بھکت ہوں اور یہ کنس کی اولاد ہیں“۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں جن اشٹمی کے دن پیدا ہوا تھا۔ بھگوان نے مجھے ایک خاص مقصد سے بھیجا ہے کہ جاؤ اور کنس کی اولاد کو تباہ کردو اور ان لوگوں کو جو کرپشن میں ملوث ہیں۔ چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا گجرات کے عوام یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم بی جے پی سے بیزار ہوچکے ہیں۔
میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ لوگ (بی جے پی) ہم سے (عام آدمی پارٹی سے) نہیں بلکہ آپ لوگوں سے (عوام سے) خوفزدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا ”کمل کا پھول اب نہیں اُگیں گا کیونکہ کمل کا پھول کیچڑ میں اُگتا ہے اور ہمارے پاس جھاڑو ہے“۔ چیف منسٹر پنجاب نے گجرات میں کانگریس پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اب کوما میں ہے۔ واضح رہے کہ کجریوال اور بھگونت مان گجرات کے دوروزہ دورہ پر ہیں جہاں جاریہ سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات مقرر ہیں۔