ابوعاصم اعظمی کے خلاف بے نامی جائیداد کیس، 50 کروڑ کے اثاثے ضبط
مہاراشٹرا کے سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی اور ان کے مبینہ ساتھیوں کے خلاف محکمہ انکم ٹیکس کے بے نامی جائیداد قانون کے تحت کارروائی میں وارانسی میں نوتعمیرکردہ فلیٹس‘ بلڈنگ کامپلکس اور تقریباً 50 کروڑ روپے کے ڈپازٹس ضبط کرلئے گئے۔

لکھنو: مہاراشٹرا کے سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی اور ان کے مبینہ ساتھیوں کے خلاف محکمہ انکم ٹیکس کے بے نامی جائیداد قانون کے تحت کارروائی میں وارانسی میں نوتعمیرکردہ فلیٹس‘ بلڈنگ کامپلکس اور تقریباً 50 کروڑ روپے کے ڈپازٹس ضبط کرلئے گئے۔
محکمہ انکم ٹیکس کے بے نامی اسیٹس انوسٹیگیشن یونٹ لکھنو نے وارانسی اور مہاراشٹرا کے بعض حصوں میں جاریہ ہفتہ تلاشی لی تھی۔
ذرائع نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ دھاوے مکمل ہوئے اور محکمہ نے ونائک گروپ نامی کمپنی کے 10کروڑ کے ڈپازٹ ضبط کئے۔
ورونا گارڈنس پراجکٹ میں تعمیر کردہ 45 فلیٹس بھی ضبط کرلئے گئے۔ ذرائع کے بموجب 2BHK اور 3BHK فلیٹس کے مبینہ مالک ابوعاصم اعظمی ہیں اور ان کی بازاری قیمت 30 تا 32کروڑ روپے ہے۔
68 سالہ ابوعاصم اعظمی‘ ممبئی کے مانخورد شیواجی نگر حلقہ سے تیسری مرتبہ رکن اسمبلی بنے ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس مختلف افراد کو طلب کرسکتا ہے اور ان کے بیان ریکارڈ کرسکتا ہے تاکہ تحقیقات آگے بڑھیں۔