راہول گاندھی نے بی جے پی کی بولتی بند کردی: شیوسینا
بھارت جوڑو یاترا عوام میں بیداری لارہی ہے اور اس سے بی جے پی کے پیٹ میں درد ہورہا ہے۔ آمریت نے ملک میں تباہی مچادی۔ اس سے تو خاندانی اقتدار بہتر لگتا ہے۔ سینا ترجمان سامنا کسی وقت کانگریس اور اس کی اعلیٰ قیادت کا کٹر ناقد ہوا کرتا تھا۔

ممبئی: اُدھو ٹھاکرے کی شیوسینا نے منگل کے دن کہا کہ گھرانہ شاہی اقتدار ملک میں موجودہ ”آمریت“ سے بہتر لگتا ہے۔ اس نے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی ستائش کی۔ سینا ترجمان ”سامنا“ کے اداریہ میں کہا گیا کہ بی جے پی کو چاہئے کہ وہ راہول گاندھی کے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دے۔ وہ ان کے لباس کو نشانہ تنقید نہ بنائے۔
راہول گاندھی نے اپنی یاترا کے دوران جو سوال اٹھائے ہیں ان میں دم ہے۔ ان سوالات نے بی جے پی کا منہ بند کردیا ہے۔ کانگریس قائد کی یاترا کو عوام کا اچھا ردعمل مل رہا ہے اور وہ بے روزگاری‘ کسانوں‘ مزدوروں اور چھوٹے کاروباریوں / تاجروں کے مسائل اٹھارہے ہیں۔
مراٹھی اخبار کے اداریہ میں کہا گیا کہ راہول گاندھی کے سوالات کا جواب دینے کے بجائے بی جے پی فضول باتیں کررہی ہے جیسے راہول گاندھی کیا پہنتے ہیں‘ کیا کھاتے ہیں۔ بی جے پی نے راہول گاندھی کی مہنگی ٹی شرٹ پر طنز کیا تھا۔
بھارت جوڑو یاترا عوام میں بیداری لارہی ہے اور اس سے بی جے پی کے پیٹ میں درد ہورہا ہے۔ آمریت نے ملک میں تباہی مچادی۔ اس سے تو خاندانی اقتدار بہتر لگتا ہے۔ سینا ترجمان سامنا کسی وقت کانگریس اور اس کی اعلیٰ قیادت کا کٹر ناقد ہوا کرتا تھا۔
اداریہ میں آگے کہا گیا کہ راہول گاندھی کی یاترا ملک میں پایا جانے والا نفرت کا ماحول ٹھیک کردے گی۔ غور طلب ہے کہ کانگریس اور گاندھی خاندان کے علاوہ ٹھاکرے خاندان پر بھی شیوسینا میں خاندانی اقتدار کو بڑھاوا دینے کے لئے تنقید ہوچکی ہے۔ مہاراشٹرا کی پچھلی اُدھو ٹھاکرے حکومت میں شیوسینا اور کانگریس‘ این سی پی کے ساتھ شریک ِ اقتدار تھیں۔